سکھر میں حفاظتی ٹیکوں سے محروم رہ جانے والے بچوں کے حوالے سے مہم کا جائزہ

جمعہ 11 جولائی 2025 20:20

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں حفاظتی ٹیکوں سے محروم رہ جانے والے بچوں کے حوالے سے مہم کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ فوکل پرسن ڈاکٹر تنویر عباسی، ڈاکٹر فرید حسین، ڈاکٹر نور احمد کے علاوہ یونیسف، ڈبلیو ایچ او، لوکل گورنمنٹ، سکھر میونسپل کارپوریشن، پولیس و دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجہ نے 14 جولائی سے 26 جولائی تک بگ کیچ اپ کے نام سے جاری رہنے والی مہم کے آئندہ تیسرے راؤنڈ اور گزشتہ دو راؤنڈز میں ہونے والی پیش رفت کے متعلق متعلقہ افسران سے آگاہی حاصل کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ آنے والے راؤنڈ کو ضروری سہولیات کی دستیابی کے ساتھ بہتر طور پر منعقد کیا جائے، تاکہ کسی بھی وجہ سے حفاظتی ٹیکوں سے محروم رہ جانے والے بچوں کو فوری طور پر کور کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ فوکل پرسن ڈاکٹر تنویر عباسی اور ڈاکٹر فرید حسین نے حفاظتی ٹیکوں کی بگ کیچ اپ مہم کے تیسرے راؤنڈ کے متعلق بتایا کہ 14 سے 26 جولائی کے دوران ضلع میں جاری مہم کے تیسرے راؤنڈ میں پیدائش سے 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو خسرہ، روبیلا، تشنج، ہیپاٹائٹس-بی، نمونیا، پولیو، اسہال و دیگر بیماریوں سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں گے، ضلع کی سکھر سٹی، نیو سکھر، روہڑی، صالح پٹ اور پنو عاقل تحصیلوں میں حفاظتی ٹیکوں کے لیے بچوں کا کل حدف 42,942 مقرر کیا گیا ہے، جبکہ پچھلے راؤنڈز میں محروم رہ جانے والوں اور 3,918 زیرو ڈوز بچوں کو کور کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی، اس مقصد کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے مقرر کردہ 145 ٹیمیں ذمہ داریاں انجام دیں گی۔

متعلقہ ذمہ داران نے بتایا کہ ضلع میں مون سون کی امکانی بارشوں کے سبب مہم کے متاثر ہونے کی صورت میں 26 جولائی کے بعد متبادل دنوں میں رہ جانے والے علاقوں میں ٹارگٹ کو کور کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :