میئر کراچی بیر سٹر مرتضی وہاب کی قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کی بینائی بچانے کے لیے ایس او پیز پر فوری عملدرآمد کی ہدایت

جمعہ 11 جولائی 2025 20:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء) میئر کراچی بیر سٹر مرتضی وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام تمام اسپتالوں میں قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں میں آنکھوں کی ایک قابلِ علاج بیماری ریٹینوپیتھی آف پری میچیورٹی (ROP) سے بچاؤ کے لیے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (SOPs) اور کلینیکل گائیڈ لائنز پر فوری طور پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، یہ ہدایات پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (PMA) کی جانب سے موصول ہونے والی ایک باضابطہ درخواست کے بعد جاری کی گئیں جس میں اس سنگین مسئلے پر فوری توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا لہٰذا میئرکراچی نے اس مسئلے کو انتہائی عوامی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ اسپتالوں کے شعبہ جات میں اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (SOPs) کے فوری نفاذ کی ہدایت کی،میئر کراچی بیر سٹر مرتضی وہاب نے کے ایم سی کے تمام اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت دی کہ وہ زچگی وارڈز، نوزائیدہ بچوں کی نگہداشت کے یونٹس (NICUs) اور بچوں کے وارڈز میں ROP سے متعلق اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز پر بلا تاخیر عملدرآمد کو یقینی بنائیں،اس کے ساتھ ساتھ اسپتالوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس حوالے سے عوامی آگاہی کے لئے مواد تیار کریں اور اسے اسپتالوں کے وارڈز اور انتظار گاہوں میں نمایاں طور پر آویزاں کریں تاکہ والدین اور قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کے تیماردار ریٹینوپیتھی آف پری میچیورٹی (ROP) کی بروقت اسکریننگ، تشخیص اور علاج کی اہمیت سے آگاہ ہوسکیں، انہوں نے کہا کہ احتیاطی طبی اقدامات اور عوامی آگاہی بینائی کی حفاظت کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں اور بچپن کی نابینائی سے بچاؤ کے لیے بروقت اقدامات انتہائی ضروری ہیں، انہوں نے تمام طبی اداروں پر زور دیا کہ وہ علاج کے ساتھ ساتھ عوام کو آگاہ کرنے میں بھی فعال کردار ادا کریں،واضح رہے کہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (SOPs) پر عملدرآمد اور عوامی آگاہی سے متعلق سرگرمیوں کی رپورٹ سات دن کے اندر میونسپل کمشنر کے ایم سی کے دفتر میں جمع کرانا لازمی ہوگی۔