ملزم کی مبینہ زیر حراست ہلاکت، مزید تفتیش کے لئے چار ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

ہفتہ 12 جولائی 2025 00:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) اسلام آباد کی ماتحت عدالت نے ترنول تھانہ کی حوالات میں ایک ملزم کی مبینہ زیر حراست ہلاکت کی مزید تفتیش کے لئے چار ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ جمعہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے چاروں ملزمان کے تین روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری دی۔ چاروں ملزمان پر تھانے ترنول کی حوالات میں زیرِ حراست نعمان خان کو مبینہ طور پر قتل کرنے کا الزام ہے۔

ملزمان رانا سلیم، محمد آصف، ظہیر احمد اور محمد ساجد کو پولیس نے عدالت میں پیش کیا اور پانچ دن کے ریمانڈ کی درخواست کی۔ تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان سے مزید تفتیش اور مبینہ قتل میں استعمال ہونے والا آلہ برآمد کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران رانا سلیم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل واقعہ کے وقت موقع پر موجود نہیں تھے۔

محمد آصف کے وکیل کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر میں ان کے موکل کا کردار واضح طور پر بیان نہیں کیا گیا۔ دونوں وکلاء نے عدالت سے درخواست کی کہ ان کے موکلوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے نہ کہ پولیس کے حوالے کیا جائے۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے چاروں ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف قتل سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت ترنول تھانے میں مقدمہ درج کیا ہے۔