ایس ایم ایز کی ترقی ، عالمی منڈیوں تک رسائی کیلئے ’’پاکستان گلوبل بزنس سمٹ ‘‘کا انعقاد

ہفتہ 12 جولائی 2025 14:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)گلوبل ایس ایم ایز بزنس ہوم ( سوئٹرز لینڈ) نے پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار وںکو پائیدار حکمت عملی اور قابل اعتماد شراکت داری کے ذریعے عالمی منڈیوں سے جوڑنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی رجحانات کے تحت رہنمائی کے ذریعے پاکستانی مصنوعات کے معیار میں بہتری ،پیداوار میں اضافے اور انہیں عالمی منڈیوں تک رسائی کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا ۔

گلوبل ایس ایم ایز بزنس ہوم ( سوئٹرز لینڈ) ، پاکستان انڈسٹریل سیونگ مشینز امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن اور دیگر کے اشتراک سے مقامی ہوٹل میں ’’پاکستان گلوبل بزنس سمٹ 2025 ‘‘کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت عالمی تنظیم کے صدر انیس خان نے کی جبکہ اس موقع پر پاکستان کی کنٹری ہیڈ آمنہ احمد رضا ،مشیر ثاقب مجید شیخ ،پسمیڈا کے وائس چیئرمین محمد یاسین ،لاہور چیمبر کے نائب صدر شاہد نذیر چوہدری، پریگمیا کے ڈاکٹر ایاز الدین،چیئرمین فارورڈ سپورٹس خواجہ مسعود اختر، لاہور چیمبر کے سید سلمان ،آصف خان، لسما کے چیئرمین سید سفیر عباس اور پاکستان رومانیہ بزنس کونسل کے چیئرمین خواجہ فائق سمیت دیگر شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

پسمیڈا کی دعوت پر ترکیہ قونصلیٹ کے کمرشل اتاشی نورتتین دیا مر نے بزنس سمٹ میں خصوصی شرکت کی ۔ ’’ پاکستان گلوبل سمٹ2025‘‘ میں پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو عالمی تجارت خصوصاً یورپی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے ،تصدیق شدہ خریداروں سے مضبوط روابط، مارکیٹ ریسرچ، ویزا سہولت، چیمبر زسے وابستگی، عالمی رجحانا ت کے مطابق جدت، ترقیاتی حکمت عملی اور ریگولیٹری معاونت جیسے اقدامات کے حوالے سے آگاہی دی گئی ۔

گلوبل ایس ایم ایز بزنس ہوم ( سوئٹرز لینڈ) کے صدر انیس خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارا مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ ، دنیا میں بدلتے رجحانات خصوصاً جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے معیارمیں بہتری ،پیداوار میں اضافے ، تیار مصنوعات کو دنیا کے مختلف ممالک خصوصاً یورپی ممالک تک رسائی کے لئے عملی پیشرفت میں کلیدی معاونت فراہم کرنا ہے ۔

ہم پاکستان کی ایس ایم ایز سے وابستہ مینو فیکچررز کی مختلف ممالک کے مینو فیکچررز سے ون ٹو ون ملاقاتوںکے خواہاں ہیں جس سے نہ صرف دو طرفہ روابط میں مضبوطی آئے گی بلکہ اس سے پاکستان کی ایس ایم ایز ترقی کے نئے دورمیں داخل ہوں گی ۔ کنٹری ہیڈ آمنہ احمد نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف اور صرف چھوٹے اور درمیان درجے کے کاروبار وںکوترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔

پسمیڈا کے وائس چیئرمین محمد یاسین نے کہا کہ ہماری تنظیم کا لیدر،فٹ وئیر، گارمنٹس ،ٹیکسٹائل اور سپورٹس انڈسٹری سے براہ راست تعلق ہے ۔ گلوبل ایس ایم ایز بزنس ہوم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان اپنی مصنوعات کی عالمی معیار کے مطابق تیاری کو یقینی بنا کر عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکتا ہے ، ایس ایم ایز کو پائوں پر کھڑا کر لیا جائے تو پاکستان کو کسی غیر ملکی قرضے کی ضرورت نہیں رہے گی ۔

ترکیہ کے کمرشل اتاشی نورتتین دیا مر نے کہا کہ پاکستانی اور ترکیہ کی کمپنیوں میں جوائنٹ ونچر کے لئے پل کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں ، ایم او یوز کے لئے بھی غیر معمولی کردار ادا کریں گے ۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے گلوبل ایس ایم ایز بزنس کے ذمہ داران سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار وںکو ترقی کے بے پناہ مواقع میسر آئیں گے۔