سانگلہ ہل، وزیر اعلیٰ پنجاب نے چکن فروش مافیا کیخلاف فوری کارروائی کرنے کا حکم دیدیا

ڈپٹی کمشنر ننکانہ کو ہدایات جاری،لیگی رہنما شاہد نعیم نے وزیراعلی کے پورٹل پر شکایت درج کرائی تھی

ہفتہ 12 جولائی 2025 15:58

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مسلم لیگ ن سٹی کے نائب صدر حاجی میاں شاہد نعیم صابری کی درخواست پر فوری نوٹس لے لیا اور ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب کو چکن مافیا کیخلاف کارروائی کرنے کا حکم دیدیا، میاں شاہد نعیم صابری نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پورٹل پر شکایت درج کروائی تھی کہ سانگلہ ہل میں چکن فروش مافیا سرکاری ریٹ سے زیادہ مہنگے داموں چکن فروخت کر رہا ہے اور مصنوعی مہنگائی پیدا کر کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے، سرکا ری ریٹ کے مطابق چکن کی قیمت 555روپے مقرر کی گئی ہے لیکن چکن فروش 750سے 850روپے فی کلو فروخت کر رہے ہیں اور وزن بھی 900 گرام دے رہے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پورٹل سے میاں شاہد نعیم صابری کو کال موصول ہوگئی کہ آپ کی شکایت کا ازالہ کیا جائیگا اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے چکن فروشوں کے گرد قانون حرکت میں آ گیا ہے۔