شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس علاقائی ترقی کےلئے تعاون کے فروغ کا سنہری موقع ہے، صدر ایف پی سی سی آئی

پیر 1 ستمبر 2025 14:46

شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس علاقائی ترقی کےلئے تعاون کے فروغ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) ایف پی سی سی آئی کے صدر،ایس سی او چیمبر آف کامرس کے نائب صدرعاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ تیانجن میں جاری شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس علاقائی ترقی کےلئے تعاون کے فروغ کا سنہری موقع ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکوایس سی او کے 25 ویں سربراہی اجلاس کے حوالے سے اپنے بیان میں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ تیانجن میں جاری شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس علاقائی ترقی کیلئے تعاون کے فروغ کا سنہری موقع ہے، سربراہی اجلاس رکن ممالک کیلئے علاقائی رابطوں اور باہمی تجارت کے فروغ اور بیرون ملک کاروبار کو آسان بنانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم نے علاقائی بلاکس میں اپنی اہمیت کو ثابت کیا ہے ، ایس سی او میں پاکستان کی رکنیت نے خطے میں تجارت کے لیے نئی راہیں کھول دی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے سربراہی اجلاس میں متحرک کردار کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ایس سی او چیمبر آف کامرس کے پلیٹ فارم سے ہم نے رکن ممالک کے درمیان B2B تعلقات کو فروغ دینے کےلئے انتھک محنت کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اجلاس باہمی اعتماد کی بحالی میں اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔