گھریلو جھگڑے پر بیوی کی جان لینے والے شوہر کو ورثاء نے مار ڈالا

واقعے کے بعد حملہ آور رشتہ دار موقع سے فرار ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 12 جولائی 2025 15:45

حیدرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جولائی 2025ء ) صوبہ سندھ کے شہر حیدر آباد میں گھریلو جھگڑے پر بیوی کی جان لینے والے شوہر کو ورثاء نے مار ڈالا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دل دہلا دینے والا واقعہ حیدرآباد کے نواحی علاقے ہوسڑی گاؤں خدا ڈنو پہنور میں پیش آیا جہاں پہلے شوہر نے بیوی کو کلہاڑی کے وار سے قتل کر دیا، جس کے بعد مقتولہ کے رشتہ داروں نے موقع پر پہنچ کر شوہر کو بھی قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قتل ہونے والی خاتون کی شناخت 50 سالہ حفیظہ کے نام سے ہوئی، اس کے شوہر کی شناخت علی نواز کے نام سے کی گئی ہے، دونوں کے درمیان گھریلو تنازعات چل رہے تھے جو اس خونی تصادم کا باعث بنے، واقعے کے بعد حملہ آور رشتہ دار موقع سے فرار ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی گئی جب کہ پولیس نے میاں بیوی کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیں۔

(جاری ہے)

ادھر صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں شوہر نے بیوی کو تیزاب پلا کر قتل کردیا، یہ واقعہ شہر قائد کے علاقہ کورنگی بلال کالونی میں پیش آیا جہاں ایک خاتون کو مبینہ طور پر شوہر اور دیور نے تیزاب پلا کر قتل کر دیا، نور عائشہ نامی خاتون کو تشویشناک حالت میں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گئی، نور عائشہ کی سات سال قبل ایوب سے شادی ہوئی تھی اور اس کی دو کمسن بیٹیاں بھی ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ خاتون کے ورثاء کی جانب سے اس کے شوہر ایوب اور دیور رفیق پر تیزاب پلانے کا الزام عائد کیا گیا ہے جس پر پولیس نے متاثرہ خاتون کے والد علی اکبر کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کے بعد تفتیش کا آغاز کر دیا، بتدائی تفتیش میں خاتون کو تیزاب پلانے کے شواہد ملے ہیں، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کو سامنے لایا جا سکے۔

خاتون کے والد نے الزام عائد کیا کہ داماد کے ناجائز تعلقات پر اکثر جھگڑے ہوتے تھے، نور عائشہ شادی کے بعد کئی بار ناراض ہو کر میکے بھی واپس آئی، اب بھی کسی بات پر جھگڑا ہوا تو اس پر ہماری بیٹی کو ملزمان کی جانب سے تیزاب پلانے کے علاوہ تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا، ہمیں اطلاع ملی کہ بیٹی کی حالت خراب ہے جس کے بعد ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکی۔