راولپنڈی پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن ، 2 افغان باشندوں سمیت 6 منشیات سپلائرزگرفتار

ہفتہ 12 جولائی 2025 17:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کامیاب اور مؤثر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 2 افغان باشندوں سمیت 6 منشیات سپلائرز کو گرفتار کر کے 11 کلو سے زائد منشیات برآمد کر لیں۔ ہفتہ کو ترجمان پولیس کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن "ڈرگ فری پنجاب" اور سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کی ہدایات پر روات پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو افغان باشندوں کو حراست میں لیا جن کے قبضے سے 4 کلو 150 گرام آئس برآمد ہوئی۔

(جاری ہے)

دونوں غیر ملکی باشندے منشیات فروشی میں ملوث پائے گئے۔ اسی طرح وارث خان پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 4 کلو 960 گرام چرس برآمد کی جبکہ صدر واہ پولیس نے دو مزید افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 2 کلو 200 گرام چرس برآمد کر کے الگ الگ مقدمات درج کر لیے۔ سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے راولپنڈی پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ پولیس کا عزم ہے کہ نوجوان نسل کو نشے جیسی لعنت سے محفوظ رکھا جائے اور منشیات فروشوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔