ایران، چاہ بہار شہر میں مسلح جھڑپ کے دوران تین پولیس اہل کار ہلاک

جھڑپ کے نتیجے میں حملہ آور گروہ کا ایک فرد ہلاک ، دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا،حکام

ہفتہ 12 جولائی 2025 18:49

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اور ایک مسلح گروہ کے درمیان جھڑپ کے دوران چار افراد ہلاک ہو گئے، مرنے والوں میں تین پولیس اہل کار شامل ہیں۔ایرانی خبر رساں ایجنسی نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ جھڑپ صوبہ سیستان و بلوچستان کے شہر چاہ بہار میں پیش آئی، جہاں سیکیورٹی فورسز اور ایک مسلح جماعت کے درمیان تصادم ہوا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق جھڑپ کے نتیجے میں اس گروہ کا ایک فرد ہلاک ہو گیا جب کہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ جھڑپ میں ایرانی سیکیورٹی فورسز کے تین اہل کار بھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جب کہ ایک پولیس اور چار اہل کار زخمی ہو گئے۔داخلی سلامتی کی قیادت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ "دہشت گرد عناصر اس مجرمانہ کارروائی کے بعد فرار ہو گئے، جن کا سیکیورٹی فورسز نے پیچھا کیا"۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس وقت علاقے کی صورت حال مکمل طور پر مستحکم اور سیکیورٹی فورسز کے کنٹرول میں ہے۔