ملک میں موجود چینی مافیا نے حکومتی رٹ کو چیلنج کر دیا‘حکومت کی جانب سے چینی درآمد کے فیصلے کے باوجود قیمت میں ریکارڈ اضافہ

ہفتہ 12 جولائی 2025 18:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2025ء) ملک میں موجود چینی مافیا نے حکومتی رٹ کو چیلنج کر دیا۔حکومت کی جانب سے چینی درآمد کے فیصلے کے باوجود قیمت میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا ہے اور مختلف شہروں میں فی کلو قیمت ریکارڈ 2 سو روپے کی سطح پر پہنچ گئی،اسلام آباد،راولپنڈی میں چینی کی فی کلو قیمت 2 سو روپے میں فروخت ہو رہی،جڑواں شہروں میں چینی کی فی کلو اوسطاً قیمت 196 روپے سے زائد ہے۔

(جاری ہے)

ایک رپورٹ کے مطابق شہر قائد میں بھی چینی کی فی کلو قیمت نے ڈبل سینچری مکمل کر لی،کراچی میں فی کلو چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 2 سو روپے ہے،کراچی میں چینی کی اوسطاً فی کلو قیمت 192 روپے 54 پیسے ہے،ادارہ شماریات کے مطابق لاڑکانہ میں چینی کی فی کلو قیمت 195 روپے ہے،سیالکوٹ میں صارفین کیلئے چینی فی کلو 192 روپے میں دستیاب ہے،لاہور میں بھی فی کلو چینی 192 روپے میں دستیاب ہے،ملتان،بہاولپور،سکھر،پشاور میں چینی 190 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی،بنوں،کوئٹہ،خضدار میں فی کلو چینی قیمت 185 سے 190 روپے میں دستیاب ہے۔ملک میں مجموعی طور پر اوسطاً چینی کی قیمت 188 روپے 44 پیسے ہے،ملک میں زیادہ سے زیادہ سے چینی کی فی کلو قیمت 2 سو روپے ہے۔