علی امین گنڈا پور کی افغانستان کے سفیر سردار احمد شکیب سے ملاقات، افغانستان میں کینسر اسپتال کے قیام میں معاونت کی پیشکش

ہفتہ 12 جولائی 2025 23:06

علی امین گنڈا پور کی افغانستان کے سفیر سردار احمد شکیب سے ملاقات، افغانستان ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی افغانستان کے سفیر سردار احمد شکیب سے اہم ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی استحکام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں وزیرِ اعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات بیریسٹر محمد علی سیف بھی موجود تھے۔ انہیں خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے افغانستان کے متعلقہ حکام سے رابطے کی ذمہ داری سونپی گئی، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان عملی سطح پر روابط کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے افغانستان میں کینسر اسپتال کے قیام میں تعاون فراہم کرنے کی پیشکش کی، جبکہ زراعت کے شعبے میں بھی بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت افغانستان کے عوام کی فلاح و بہبود میں ہر ممکن کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان طویل سرحد، مشترکہ زبان، نسلی، قبائلی اور مذہبی رشتے موجود ہیں، جنہیں امن، بھائی چارے اور باہمی احترام کے ساتھ مزید مضبوط بنایا جانا چاہیے۔

دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ بیرونی طاقتوں کے مذموم عزائم کے خلاف مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ، مستحکم اور پرامن مستقبل فراہم کیا جا سکے۔افغانستان کے سفیر سردار احمد شکیب نے افغان مہاجرین کا خاص خیال رکھنے پر حکومتِ خیبر پختونخوا کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے اعلان کیا کہ وہ ایک خصوصی وفد افغانستان بھیجنا چاہتے ہیں، جو پاکستان اور افغانستان کی عوام کے درمیان اعتماد اور ہم آہنگی کے فروغ میں پل کا کردار ادا کرے گا۔