سیالکوٹ پولیس کی کارروائی، ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت 4 خطرناک ملزمان گرفتار

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) سیالکوٹ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث گینگ کے سرغنہ سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں جاری بھرپور آپریشن کے دوران ڈی ایس پی صدر سرکل کی نگرانی اور ایس ایچ او تھانہ کوٹلی سید امیر سب انسپکٹر طیب حسین کی قیادت میں بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے نتیجے میں ڈاکوؤں کے گروہ کے سرغنہ شیراز عرف شم پم سمیت چار خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان نے شہریوں سے اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکلیں، نقدی، قیمتی موبائل فونز اور دیگر سامان چھیننے کی متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

(جاری ہے)

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان کے خلاف 9 مقدمات ٹریس کیے گئے ہیں جن پر قانونی کارروائی جاری ہے۔گرفتار ملزمان میں شیراز عرف شم پم ولد محمد الیاس سکنہ پریم نگر، ستار ولد محمد صدیق سکنہ سیدڑہ خورد، نبیل احمد ولد نذیر احمد سکنہ ریسواں، اور شہباز ولد محمد افتخار سکنہ گامو گڑھ شامل ہیں۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 6 لاکھ71 ہزار روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا، جس میں چار چوری شدہ موٹرسائیکلیں،31 ہزار روپے نقدی، دو قیمتی سمارٹ فونز، طلائی زیورات اور دو عدد 30 بور کے غیر قانونی پستول بمعہ متعدد گولیاں شامل ہیں۔ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو تعریفی اسناد اور نقد انعام دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا، اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔