ضلعی انتظامیہ نے انسداد تجاوزات آپریشن میں27 ٹرک سامان ضبط کر لیا

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) ضلعی انتظامیہ لاہور نے تجاوزات کے خلاف آپریشن میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 27 ٹرک سامان ضبط کر لیا ۔ حاجی کیمپ، نولکھا، شنگھائی روڈ اور نابھہ روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں مستقل اور عارضی تجاوزات کو بلا تفریق ہٹادیا گیا۔ ڈی سی لاہور سید موسی رضا کی سربراہی میں ان کارروائیوں کو شہریوں کی زندگی کو سہل اور محفوظ بنانے کے لیے منظم انداز میں جاری رکھا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

بصری آلودگی کے خاتمے کے لیے بھی بڑے پیمانے پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں ہیں۔ ڈی سی لاہور نے واضح اعلان کیا ہے کہ تجاوزات کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا اور قانون کا اطلاق سب پر یکساں ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لاہور کو تجاوزات سے پاک بنانے کی مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی ان کوششوں سے نہ صرف شہر کا ماحول بہتر ہو رہا ہے بلکہ شہریوں کو سہولتوں کی فراہمی میں بھی نمایاں بہتری آ رہی ہے۔