کوہاٹ ،نامعلوم مسلح افراد نے اسلحے کی نوک پر سونا بیچ کرگھر آنیوالے افراد سے 75 لاکھ روپے لوٹ لئے

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:50

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)کوہاٹ کے دورافتادہ سرحدی علاقہ شکردرہ کی حدودمیں نامعلوم مسلح افراد نے مبینہ طورپر بندوق کی نوک پر سونا بیچ کرگھر آنے والے افراد سے دن دیہاڑے 75 لاکھ روپے کی خطیر رقم لوٹ لی اور فرار ہوگئے جبکہ پولیس نے ڈکیتی کے واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ باخبر ذرائع کے مطابق ڈکیتی کا یہ واقعہ ہفتہ کے روز دن دیہاڑے تحصیل لاچی کے دور افتادہ علاقہ شکردرہ اورلاچی کے مابین علاقہ میں پیش آیا جہاں مبینہ طورپر نواحی گاؤں گریوان کے رہائشی تیمور اور اعتبار نامی افرادکئی تولے سونا بیچ کر واپس آرہے تھے کہ راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے اسلحہ کی نوک پر دونوں کو لوٹ لیا اور ان کے قبضہ سے 75 لاکھ روپے کی خطیر رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

ڈکیتی کی اس بڑی واردات کی تصدیق اور معلومات کے لئے پولیس سٹیشن لاچی اور شکردرہ سے رابطہ کیا گیا جہاں ڈیوٹی پر موجوددونوں اہلکاروں نے واقعہ کی رپورٹ بارے تصدیق نہیں کی اور لاعلمی کا اظہار کیا۔ بتایاجاتا ہے کہ لوٹے جانے والے افراد شکردرہ کی حدودمیں دریائے سندھ کے کنارے مزدوری کرکے سونا تلاش کرنے کا کاروبارکرتے ہیں اور سونااکٹھا کرکے شکردرہ‘ لاچی اور کوہاٹ وغیرہ میں سونے کے تاجرووں پر فروخت کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ ضلع کوہاٹ کی حدود میں واقع شکردرہ اور خوشحال گڑھ کے علاقوں میںدریائے سندھ کے کنارے سونا تلاش کرنے کا کاروبار عروج پر ہے جہاں روزانہ کے حساب سے لوگ لاکھوں روپے کا سونا تلاش کرکے کمارہے ہیں۔