گ*صوبائی حکومت کی جانب سے غیر ملکی سیاحوں کے لئے آن لائن این او سی سسٹم متعارف

ہفتہ 12 جولائی 2025 22:15

ڑ*پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور مشیر برائے سیاحت و آثار قدیمہ زاہد چان زیب کی ہدایات پر، خیبر پختونخوا کے ٹورازم ڈیپارٹمنٹ نے صوبے کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے والے غیر ملکی سیاحوں کی سہولت کے لئے ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے آن لائن این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ) سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔

ڈاکٹر عبدالصمد، سیکرٹری ٹورازم اینڈ آرکیالوجی نے اس حوالے سے منعقدہ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا ٹورازم اینڈ کلچر اتھارٹی نے سیاحتی ویزہ رکھنے والے بین الاقوامی سیاحوں کی سہل اور محفوظ رجسٹریشن کے لئے آن لائن فارن ٹورسٹ رجسٹریشن پورٹل شروع کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جلد ہی یہ سہولت غیر ملکی ماؤنٹینئرز اور ٹریکرز کے لئے بھی دستیاب ہوگی۔

(جاری ہے)

تمام رجسٹرڈ ٹور آپریٹرز لاگ ان کرکے تفصیلات جمع کروا کر آن لائن این او سی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے مرحلے میں غیر رجسٹرڈ ٹور آپریٹرز کے خلاف کارروائی شروع کی جائے گی۔سیکرٹری سیاحت و ثقافت نے کہا کہ یہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم غیر ملکی سیاحوں کے لئے رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کی غرض سے متعارف کیا جا رہا ہے،جس سے پختونخوا کے دلکش سیاحتی مقامات تک بغیر کسی پریشانی کے رسائی اور نقل و حرکت ممکن ہو سکے گی۔

ٹیکنالوجی کو اپنا کر یہ اقدام سیاحوں کی سہولت کو بڑھاتا ہے جبکہ متعلقہ سیکورٹی اور سیاحت کے اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ کو یقینی بناتا ہے۔ڈاکٹر عبدالصمد نے مزید کہا کہ یہ ڈیش بورڈ پائیدار اور محفوظ سیاحت کو فروغ دینے کی جانب ایک بڑا قدم ہے، جو صوبے کے ثقافتی ورثے، دلکش مناظر، اور بے مثال مہمان نوازی کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منظور شدہ ٹریول گائیڈ فرموں، ٹرانسپورٹرز اور دیگر سہولیات فراہم کرنے والوں کی فہرستیں بھی اسی پورٹل پردستیاب ہوں گی۔

یہ ڈیجیٹل سسٹم اپر دیر، چترال، سوات اور دیگر شمالی علاقوں کا سفر کرنے کے لئے ضروری اجازت نامہ یعنی این او سی حاصل کرنے کے عمل کو آسان بناتا ہے۔ غیر ملکی سیاح براہ راست پورٹل کے ذریعے این او سی کے لئے درخواست دے سکتے ہیں اور اپنی درخواستوں کی صورتحال چیک کر سکتے ہیں۔ پاسپورٹ کی کاپیاں، ویزہ کی تفصیلات، اور سفر کے پروگرام ڈیجیٹل طور پر جمع کرائے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔مزید برآں، انہوں نے بتایا کہ یہ پورٹل دستی کاغذی کارروائی اور تاخیر کو کم کرتا ہے اور حکام درخواستوں کی تصدیق مؤثر طریقے سے کر سکیں گے۔ سیاح کے پی ٹورازم ایپ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں، جو گوگل پلے سٹور یا کے پی ٹورازم کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ صوبے کے بعض علاقوں میں سیکورٹی کے ضوابط کی وجہ سے خصوصی اجازت کی ضرورت ہوتی ہے، اور این او سی سیاحوں کی حفاظت اور مقامی قوانین کی تعمیل کو یقینی بناتا ہے۔