حمیرا اصغر کی موت کو کیش کرانے کا الزام احمد علی بٹ نے وضاحت دے دی

احمد بٹ نے حمیرا اصغر کا پرانا انٹرویو نئے انداز میں اپ لوڈ کرکے لاکھوں ویوز حاصل کیے تھے

اتوار 13 جولائی 2025 10:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2025ء)معروف اداکار اور ہوسٹ احمد علی بٹ نے حال ہی میں انسٹاگرام پر وضاحت جاری کرتے ہوئے اداکارہ حمیرا اصغر کے انٹرویو کو دوبارہ اپ لوڈ کرنے پر ویوز لینے کے الزامات کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد صرف یہ تھا کہ لوگ مرحومہ حمیرہ کی اصل زندگی اور ان کی جدوجہد کو ان کے اپنے الفاظ میں سن سکیں، کیونکہ ان کے بارے میں سوشل میڈیا پر غلط اور گمراہ کن معلومات پھیلائی جا رہی تھیں۔

واضح رہے کہ 2024 میں احمد علی بٹ نے حمیرا اصغر کا ایک انٹرویو کیا تھا، لیکن اس وقت حمیرا شوبز میں نئے قدم جمانے والی ایک عام سی اداکارہ تھیں، جس کی وجہ سے اس انٹرویو کو محدود ویوز ملے اور یہ یوٹیوب پر خاموشی سے موجود رہا۔ تاہم، حال ہی میں حمیرا اصغر کی المناک موت کے بعد ان کی زندگی اور جدوجہد میں عوام کی دلچسپی بڑھ گئی، اور اسی پس منظر میں احمد علی بٹ نے اسی انٹرویو کو دوبارہ اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کیا۔