آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں متعدد افراد جاں بحق

آسمانی بجلی گرنے کے واقعات خیبرپختونخواہ اور پنجاب میں پیش آئے

muhammad ali محمد علی منگل 15 جولائی 2025 00:31

آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں متعدد افراد جاں بحق
اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جولائی2025ء) آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں متعدد افراد جاں بحق، آسمانی بجلی گرنے کے واقعات خیبرپختونخواہ اور پنجاب میں پیش آئے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق جب کہ ایک لڑکی زخمی، جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حویلی لکھا کے نواحی علاقے گڈر کی پلی میں کھیتوں میں کام کرنے والی 2 لڑکیوں اور ایک لڑکے پر آسمانی بجلی گر گئی۔

آسمانی بجلی گرنے سے ایک 17 سالہ لڑکا اسد اور 16 سالہ لڑکی انعم جاں بحق ہو گئے۔دونوں آپس میں کزنز بتائے گئے ہیں جب کہ ایک 17 سالہ لڑکی شانزہ زخمی ہو گئی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ایمبولینس جائے حادثہ کی روانہ کروا دی گئی۔ زخمی لڑکی کو لواحقین ریسکیو ٹیم کے پہنچنے کے پہلے ہی ہسپتال لے گئی۔

(جاری ہے)

جب کہ ڈیڈ باڈیز کو ضروری کارروائی کرنے کے بعد لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا میں بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے سے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں خیبر پختونخوا میں مجموع طور پر 6 افراد جاں بحق ہوئے ، رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک مرد، ایک خاتون اور 4 بچے شامل ہیں ، حادثات میں ایک بچہ زخمی بھی ہوا ، حادثات باجوڑ ، کوہاٹ ، مالاکنڈ اور خیبر میں پیش آئے ، پی ڈی ایم اے کے مطابق تین گھروں کو جزوی نقصان بھی پہنچا ، متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندان کو فوری طور پر امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے،با رشوں کا سلسلہ 17 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے نے پہلے ہی سے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے مراسلہ جاری کیا ہوا ہے۔