فیکٹری ایریا اجتماع گاہ روڈ کوڈمپنگ پوائنٹ بنانے کیخلاف مقامی رہائشیوں ،صنعتی ملازمین کااحتجاجی مظاہرہ

وزیر اعلیٰ پنجاب ستھرا پنجاب مہم کو ناکام بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میںلائیں ‘ مظاہرین کا مطالبہ

اتوار 13 جولائی 2025 11:35

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2025ء)لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے فیکٹری ایریا اجتماع گاہ روڈ کوڈمپنگ پوائنٹ بنانے کے خلاف مقامی رہائشیوں اور صنعتی ملازمین کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ کے انتہائی اہمیت کے حامل فیکٹری ایریا اجتماع گاہ روڈ پر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے عارضی ڈمپنگ پوائنٹ قائم کردیا گیا ہے جہاں ہزاروں ٹن کوڑا کرکٹ جمع ہونے پر صنعتی ملازمین مقامی رہائشیوں اور راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ،گزشتہ روز درجنوں افراد نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ عیدا لاضحی کے بعد عملہ صفائی نے آنے کی زحمت گوارا نہیں کی ،ساریتحصیل کا کوڑا کرکٹ انتہائی مصروف ترین شاہراہ پر جمع کیا جارہا ہے جس سے ہزاروں صنعتی ملازمین اور مکینوں کو سانس لینے میں دشواری پیش آرہی ہے ،بچے اور بوڑھے افراد بیمار ہو رہے ہیں ،سند ر انڈسڑیل اسٹیٹ گیٹ نمبر 3اور اجتماع گاہ روڈ پر کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں سے تعفن اٹھنے سے صنعتی ملازمین کی صحت دا ئوپر لگ گئی ہے ،قرب وجوار کی فیکٹری انتظامیہ کی جانب سے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ضلعی انتظامیہ لاہور کو بارہا مرتبہ درخواستیں دینے کے باجود افسران اس اہم ترین مسئلہ پر توجہ دینے کو تیار نہیں ۔

(جاری ہے)

صنعتی مالکان کی نمائندہ تنظیم انڈسٹریل مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے اجتماع گاہ روڈ پر کوڑا کرکٹ کے ڈمپنگ پوائنٹ کے خاتمے اور شاہراں کی صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے شہریوں اور راہگیروں کیلئے مشکلات پیدا کی جارہی ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل ہے کہ ستھرا پنجاب مہم کو ناکام بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میںلائی جائے ۔