مرکزی مسلم لیگ کا شہدائے 13جولائی1931کو خراج عقیدت

اتوار 13 جولائی 2025 11:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے شہدائے 13جولائی1931کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت طاقت کے بل پرمقبوضہ جموں وکشمیر پرزیادہ دیر تک اپنا غاصبانہ قبضہ برقرارنہیں رکھ سکتا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق خالد مسعود سندھو نے یوم شہدا ئے کشمیر کے موقع پر جاری ایک بیان میں کہاکہ حالات بدل رہے، اہل کشمیر کی آزادی یقینی ہے اوربھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے۔

انہوں نے کہاکہ شہداکی قربانیاں جلد رنگ لائیں گی اور کشمیری غاصب بھارت سے جلد آزادی حاصل کر لیں گے۔ انہوں نے کہاکہ شہداء کی قربانیوں کی بدولت آج تحریک آزادی زندہ ہے اور نہتے کشمیریوں نے قربانیاں دیکر ثابت کیا ہے کہ وہ کسی صورت غاصب بھارت کی غلامی قبول کرنے کو تیار نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 1931 میں سرینگر کی سینٹرل جیل کے باہر اذان مکمل کرنے کے لیے 22 نوجوانوں کی طرف سے جان کا نذرانہ پیش کرنا تاریخِ کشمیر کا سب سے تابناک باب ہے اوران شہدا ء کی قربانیاں آزادی کشمیر کی بنیاد بنیں گی۔

خالد مسعود نے کہاکہ کشمیر کی آزادی اور پاکستان سے الحاق کوئی سیاسی نعرہ نہیں بلکہ ایک نظریاتی اور ایمانی فریضہ ہے جسے ہمارے اکابرین نے قیام پاکستان سے پہلے ہی طے کر لیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا اور آج بھی مرکزی مسلم لیگ اسی نظریے پر مضبوطی سے قائم ہے۔کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور کشمیریوں سے ہمارا رشتہ لا الہ الا اللہ کی بنیاد پرقائم ہے، پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور مرکزی مسلم لیگ ہر عالمی اور قومی فورم پر ان کی آواز بنے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہم سفارتی، سیاسی اور میڈیا کے میدان میں اپنی مکمل قوت کے ساتھ کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔