قابض حکام نے سرینگر میں مزارشہدا ء کی طرف جانے والے تمام راستے بند کردیے

اتوار 13 جولائی 2025 13:20

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں قابض حکام نے آج یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر سرینگر کے علاقے نوہٹہ میں مزار شہدا ء کی طرف جانے والی تمام سڑکوں کو بند کر دیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حکمراں نیشنل کانفرنس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے کئی رہنمائوں کو مزارشہدا ء جانے سے روکنے کے لیے گھروں میں نظر بند کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر سرینگر کی طرف جانے والے تمام داخلی راستوں پر پولیس اور پیراملٹری فورسز کو بھاری تعداد میںتعینات کیا گیا ہے۔حکام نے بتایا کہ صرف فورسز اہلکاروں اور گاڑیوں کو ہی داخلی مقامات پر کھڑی کی گئی رکاوٹوں کو عبور کرنے کی اجازت ہے۔نیشنل کانفرنس نے 13جولائی 1931کے شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ضلع مجسٹریٹ سرینگر سے اجازت لینے کے لئے درخواست دی تھی۔ تاہم ضلعی انتظامیہ نے اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ پولیس نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ ان احکامات کی کسی بھی خلاف ورزی پر قانون کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔