yدہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہی: ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی

گ*ریاست دہشتگرد عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے،چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل

اتوار 13 جولائی 2025 22:15

۳ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جولائی2025ء) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ ہم بلوچستان میں ہونے والے حالیہ دہشتگردی کے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔دہشتگردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے،ہم سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جو اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک میں امن قائم رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بلوچستان میںہونیوالی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان کی سا لمیت، امن و امان، اور ترقی کے خلاف گھناؤنی سازش ہیں۔ ریاست دہشتگرد عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جو ملک کے امن کو خراب کرنے کے درپے ہیں۔ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ افواہوں سے گریز کریں، باہمی اتحاد قائم رکھیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

(جاری ہے)

دشمن عناصر پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لیے ایسی کارروائیاں کرتے ہیں، لیکن پوری قوم متحد ہے اور ایسے مذموم عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ہم حکومتِ پاکستان، سکیورٹی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان واقعات میں ملوث عناصر کو جلد از جلد بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔بلوچستان کے عوام پرامن، بہادر اور محب وطن ہیں، جنہوں نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف ریاست کا ساتھ دیا ہے۔ ہم ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔