یورپی یونین نےامریکی مصنوعات کی درآمد پر محصولات کے نفاذ کو اگست کے اوائل تک ملتوی کر دیا

پیر 14 جولائی 2025 11:57

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) امریکا کی جانب سے یورپی یونین بلاک کی مصنوعات پر 30 فیصد محصولات عائد کرنے کے فیصلے کے باوجودیورپی یونین نے امریکا سے درآمد کی جانے والی اشیا ء پر محصولات کے نفاذ کو اگست کے اوائل تک ملتوی کر دیا ہے۔متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین نے انکشاف کیا کہ امریکانے ایک خط بھیجا ہے جس میں اقدامات کا خاکہ پیش کیا گیا ہے جو اس وقت تک نافذ العمل ہوں گے جب تک کہ بات چیت کے ذریعے کوئی حل نہیں نکل جاتا۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین مزید مذاکرات کی اجازت دینے کے لئے اپنے جوابی اقدامات کی معطلی کو اگست کے اوائل تک توسیع دے گی۔ یورپی کمیشن کی صدر نے یہ اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہفتے کو دیئے گئے اس بیان کے بعد کیا ہے جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ جاری بات چیت کے باوجود یورپی یونین کی درآمدات پر 30 فیصد محصولات یکم اگست سے لاگو ہوں گے۔

(جاری ہے)

صدر یورپی کمیشن نے زور دے کر کہا کہ یورپی یونین غیر فعال نہیں رہے گی اور یورپی کمیشن آنے والے ہفتوں میں اضافی جوابی اقدامات کی تیاری جاری رکھے گی۔ یورپی یونین کی طرف سے جاری کردہ گزشتہ معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ طے شدہ جوابی اقدامات 21 بلین یورو ( 24.5 بلین ڈالر ) مالیت کی امریکی برآمدات کو متاثر کر سکتے ہیں۔