لاہور پولیس کی لازوال قربانیوں کی داستان

معصوم شہریوں کو اغواء کاروں سے بازیاب کراتے ہوئے شہید ہونے والے ایس پی عبدالصمدکی26ویں برسی لاہور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی

پیر 14 جولائی 2025 13:15

لاہور پولیس کی لازوال قربانیوں کی داستان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء) لاہور پولیس کی جانب سے معصوم شہریوں کو اغواء کاروں سے بازیاب کراتے ہوئے شہید ہونے والے ایس پی عبدالصمدکی26ویں برسی کے موقع پر خراج ِ تحسین پیش کیا گیا۔لاہور پولیس کی گارڈ نے میانی صاحب میں دفن شہید ایس پی عبدالصمد کی قبر پر حاضری دی۔ لاہور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

14جولائی1999ء میں اغواء کاروںنے تاوان کیلئے مسافروں سے بھری بس اغواء کر لی تھی۔شہید ایس پی کینٹ عبدالصمد نے جرأت و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اغواء کاروںکا تعاقب کیا۔لاہور پولیس کے جانباز ایس پی معصوم شہریوں کی بازیابی کے دوران ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں شہادت کے منصب پر فائز ہوئے۔

(جاری ہے)

سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے شہید ایس پی عبدالصمد کی 26ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ لاہور پولیس 342 شہداء کی عظیم قربانیوں کی امین فورس ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید ایس پی عبدالصمد ہمارا فخر ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس کی تاریخ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے جانثاروں سے بھری پڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کے ان جانثاروں کی گراں قدر قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ ملک و قوم کی خاطر جانیں قربان کرنے والے ان بہادر شہدا کے ورثاء کی فلاح و بہبود کے مشن کو ہمیشہ مقدم رکھا جائے گا۔بلال صدیق کمیانہ نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کا مشن وطن کا تحفظ اور امن ہے جو انشاء اللہ جاری وساری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :