علامہ طاہرمحمود اشرفی کی امن قافلے کے ہمراہ ملتان آمد، ڈویژنل امن کمیٹی و انتظامیہ کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کی

پیر 14 جولائی 2025 17:20

علامہ طاہرمحمود اشرفی کی امن قافلے کے ہمراہ ملتان آمد، ڈویژنل امن کمیٹی ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) چئیرمین پاکستان علماء کونسل و صدر قومی یکجہتی کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی سوموار کے روز امن قافلے کے ہمراہ ملتان آمد ،جید علمائے کرام پر مشتمل قافلہ بھی ان کے ہمراہ تھا،کمشنر آفس پہنچنے پر مولانا طاہر اشرفی کی صدارت میں ڈویژنل امن کمیٹی و انتظامیہ کا مشترکہ اجلاس منعقد ہواجس میں کمشنر عامر کریم خان، ڈی سی وسیم حامد سندھو سمیت ڈویژن کے انتظامی و پولیس افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ امن کے پیغام کے ساتھ ہمارا قافلہ رواں دواں ہے ۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کا خیرو عافیت اور پر امن طریقے سے گزر جانا اس بات کی دلیل ہے کہ ہم سب ایک ہیں اور ایک دوسرے کا باہمی احترام کرتے ہیں،اس سلسلے میں انتظامیہ کا کردار بھی لائق تعریف ہے ۔

(جاری ہے)

علامہ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ علمائےکرام اور عوام نے پیغامِ پاکستان کو اپنایا ،اسی لئے ہمارا امن کا سفر جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کی طرح ربیع الاول میں بھی بھرپور امن و یکجہتی کا ثبوت دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قیامِ امن میں انتظامیہ، علمائے کرام اور عوام کی مشترکہ کاوشوں نے محرم کو پُرامن بنایا،یہ ایک مثالی عمل ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان اس وقت مختلف بیرونی سازشوں کا سامنا کر رہا ہے ،بلوچستان میں بھارتی مداخلت اورشرپسندی کی سرگرمیاں بھی ایک گہری سازش کا حصہ ہیں جن کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔