بلوچستان میں بھارتی مداخلت اور شرپسندی کی سرگرمیاں ایک گہری سازش کا حصہ ہیں، علامہ طاہر محمود اشرفی

پیر 14 جولائی 2025 17:10

بلوچستان میں بھارتی مداخلت اور شرپسندی کی سرگرمیاں ایک گہری سازش کا ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بھارتی مداخلت اور شرپسندی کی سرگرمیاں ایک گہری سازش کا حصہ ہیں ،عوام اور ادا رے ملک میں امن قائم رکھنے کے لیے پرعزم ہیں، کسی بھی اندرونی یا بیرونی خطرے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت مختلف بیرونی سازشوں کا سامنا کر رہا ہے ،آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان کی فتح نے بھارت کو عبرت ناک ذلت سے دوچار کیا،پاکستان نے بھارت کو دھول چٹائی ، یہ عالم اسلام کی فتح ہے۔

چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کو کبھی نہیں بھول سکتا،ان کی اخلاقی اورسفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نےکہا کہ آئین پاکستان میں اقلیتو ں کے ضابطہ اخلاق ،حقوق واضح ہیں۔ محرم الحرام میں بہترین انتظام کرنے پر انہوں نے انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسالک نے اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کیا اور مثالی ہم آہنگی دکھا ئی۔

علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اس سلسلے میں قافلۂ امن و سلامتی رواں دواں ہے اور امن کا پیغام اسی طرح جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ اس قافلے کا مقصد فرقہ واریت کی نفی اور بھائی چارے کو فر وغ دینا ہے،ربیع الاول میں بھی بھرپور امن و یکجہتی کا ثبوت دیا جائے گا، قیامِ امن میں تمام مکاتب فکر کا کردار لائقِ تحسین ہے۔ علامہ طاہر محمود اشرفی نے بلوچستان میں شہید ہونے والوں کے ایصالِ ثواب کےلئے دعا کروائی۔ اس موقع پرکمشنرعامرکریم خاں، ڈی سی وسیم حامد سندھو سمیت ڈویژن کے انتظامی و پولیس افسران بھی موجود تھے۔