مسلم لیگ (ن) ایبٹ آباد کے کارکنوں کا سینٹ کی نشست کیلئے عنایت اﷲخان جدون کو امیدوار نامزد کرنے کا مطالبہ

پیر 14 جولائی 2025 14:56

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے پارٹی کارکنوں نے قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ سینٹ انتخابات میں سابق رکن صوبائی اسمبلی عنایت ا ﷲ خان جدون کو پارٹی ٹکٹ دیا جائے، عنایت اﷲجدون کی پارٹی کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہے، وہ پارٹی کا سرمایہ ہیں اور سینٹ ٹکٹ کیلئے سب سے موزوں ترین امیدوار ہیں۔

(جاری ہے)

پیر کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد سعید، راجہ تنویر، محمد زبیر اور سلیم ساغر نے بتایا کہ عنایت اﷲ خان جدون نہ صرف پارٹی کے مخلص اور دیرینہ ساتھی ہیں بلکہ عوامی سطح پر بھی ان کی جڑیں مضبوط ہیں، ان کی طویل سیاسی جدوجہد، عوامی خدمت اور پارٹی سے غیر متزلزل وابستگی اس بات کا مظہر ہے کہ وہ ایوانِ بالا میں نمائندگی کے مکمل اہل ہیں۔ مسلم لیگی کارکنوں نے مزید کہا کہ اگر پارٹی ایک باکردار، فعال اور عوامی حمایت یافتہ امیدوار کو سینٹ میں بھیجنا چاہتی ہے تو عنایت ﷲ جدون سب سے موزوں انتخاب ہو گا، ان کی قیادت، تدبر اور مسلم لیگ (ن) کے منشور سے وفاداری قابلِ تحسین ہے۔