پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی درخواست پر سماعت ملتوی

پیر 14 جولائی 2025 15:07

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی درخواست پر سماعت ملتوی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے التوا کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران باور کرایا ہے کہ اگر قانون ہی تیار نہ ہوا تو الیکشن کمیشن انتخابات کیسے کرائے گا، لوکل گورنمنٹ الیکشن کرانا آئینی ذمہ داری ہے، اگر انتظامات دس سال تک نہ ہوں تو کیا الیکشن نہیں کرائے جائیں گے۔

عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کے لئے طلب کرلیا ۔

(جاری ہے)

عدالت نے کیس کی مزید سماعت18 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر الیکشن کمیشن سمیت تمام فریقین کو عدالت کی معاونت کرنے ہدایت کردی ۔جسٹس فاروق حیدر نے جماعت اسلامی لاہور کے امیر ضیا الدین انصاری کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ حکومت پنجاب کو بلدیاتی انتخابات کے فوری انعقاد کا حکم دیا جائے اور موجودہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کر کے اختیارات بیوروکریسی کے بجائے عوامی نمائندوں کو سونپے جائیں۔عدالت کے روبرو وفاقی و صوبائی حکومت، چیف سیکرٹری پنجاب اور صوبائی الیکشن کمشنر نے جوابات داخل کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ درخواست ناقابلِ سماعت ہے ، اسے مسترد کیا جائے۔