شجرکاری مہم سرگودھا کو کلین اینڈ گرین بنانے کے عزم کی عکاس ہے، ملک محمد اشرف برھان

پیر 14 جولائی 2025 15:18

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) شجرکاری مہم سرگودھا کو کلین اینڈ گرین بنانے کے عزم کی عکاس ہے، جو شہریوں کو ماحول کے تحفظ کی ترغیب دیتی ہے۔ شجرکاری مہم سے مقامی کمیونٹی میں ماحولیاتی بہتری کا شعور اجاگر ہو گا۔ ان خیالات کا اظہارسیاسی و سماجی شخصیت ملک محمد اشرف برھان نے ہینڈل فاؤنڈیشن کی جانب سے گرلز گائیڈ ہاؤس میں شجرکاری مہم کے افتتاح کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ملک آفتاب احمد اعوان چیئرمین ہینڈل فاؤنڈیشن نے کہا کہ ہینڈل فاؤنڈیشن نے پروگرام کلین اینڈ گرین سرگودھا۔۔۔ہماری پہچان ترتیب دیا ہے جس کے تحت سرگودھا کے مختلف علاقوں میں شجرکاری کی جائے گی اور پودے لگانے کامقررہ ہدف کامیابی سے مکمل کیا جائے گا، جس سے عورتوں،نوجوانوں اور بچوں میں ماحول دوستی کا شعوراور شہری خوبصورتی اور ذہنی سکون میں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔

(جاری ہے)

شجرکاری سے آکسیجن کی فراہمی میں اضافہ ہوتا ہے گرمی کی شدت میں کمی اور درجہ حرارت کا توازن برقرار رہتا ہے۔ ملک آفتاب احمد اعوان نےکہا کہ ساون کا مہینہ شروع ہو گیا ہے۔ سرگودھا شہرکو سر سبز وشاداب بنانے کا جامع پلان تیار ہے، اس مشن پر عملدرآمد کے لئے ہینڈل فاؤنڈیشن کے رضاکار ہمہ وقت تیار ہیں، مخیر حضرات اور کمیونٹی کو بھی بڑھ چڑھ کر اس عظیم مشن میں ساتھ دینا ہوگا۔

ہینڈل فاؤنڈیشن تنظیم کے پلیٹ فارم سے مختلف مقامات پر شجرکاری کے علاوہ شہر کے مختلف مقامات پر پودوں کے مفت سٹالز لگائے جائیں گے جس میں شہریوں کے اندر ماحول کی بہتری کے لئے مفت پودے بھی تقسیم کئے جائیں گے۔ اس موقع پر ملک اشرف برھان، رانا شیری،پروفیسر عاصم شریف، رانا ذوالفقار علی، یاسر لطیف وڑائچ، محمد سمیع بٹ، شازیہ بنگش، صغری ٰعالم اور ملک آفتاب احمد اعوان نے شجرکاری مہم کے تحت مختلف اقسام کے پودے لگائے۔

متعلقہ عنوان :