غزہ پر اسرائیلی فوج کی جانب سے فضائی حملوں کا سلسلہ جاری

24 گھنٹوں کے دوران 6 بچوں سمیت 90 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں

پیر 14 جولائی 2025 22:25

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2025ء)غزہ پر اسرائیلی فوج کی جانب سے فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 بچوں سمیت 90 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔اسرائیلی فضائی حملوں میں پانی کی تقسیم کے مقام کے قریب کم از کم 10 فلسطینی شہید ہو گئے جن میں چھ بچے شامل ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بصل نے بتایا کہ یہ حملہ اتوار کی صبح وسطی غزہ میں بے گھر افراد کے علاقے میں ہوا جہاں پانی تقسیم کیا جا رہا تھا۔

بصل کے مطابق اسرائیلی ڈرون نیپینے کے پانی کے ایک مرکز کو نشانہ بنایا، جس سے 6 بچوں سمیت 10 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ادھر جنوبی غزہ کے شہر رفح میں ہفتے کے روز غزہ ہیومنٹیرین فنڈ (GHF) کے متنازع امدادی مرکز پر حملے میں 34 افراد شہید ہوئے جو امداد کے انتظار میں تھے، مجموعی طور پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں کم از کم 110 فلسطینی شہید ہوئے۔

(جاری ہے)

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اکتوبر سے جاریاسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 58,026 فلسطینی شہید اور 138,520 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔غزہ شہر اور نصیرات پناہ گزین کیمپ کے قریب بھی اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کم از کم 18 افراد شہید ہوئے، جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔ جنوبی ساحلی علاقے المواسی میں بے گھر افراد کے خیمے پر حملے میں 3 افراد جاں بحق ہوئے۔