ورلڈ پولیس گیمز 2025 میں تاریخ رقم کرنے والے باکسر علی نواز وطن واپس پہنچ گئے،ایئرپورٹ پر ان کا والہانہ استقبال

پیر 14 جولائی 2025 22:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2025ء) ورلڈ پولیس گیمز 2025 (امریکہ) میں پاکستان پولیس کی تاریخ کا پہلا سلور میڈل جیتنے والے اسلام آباد پولیس کے نوجوان باکسر کانسٹیبل علی نواز وطن واپس پہنچ گئے۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا، جہاں پولیس افسران کی بڑی تعداد اور اعلیٰ افسران نے ان کی عالمی کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ایئرپورٹ پر اے آئی جی لاجسٹکس عبد الحق عمرانی کی قیادت میں علی نواز کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ان کے اعزاز میں نعرے لگائے گئے۔ بعد ازاں، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے باکسر علی نواز کو اپنے دفتر میں مدعو کیا، جہاں انہیں نقد انعام اور اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

علی نواز، جو اسلام آباد پولیس میں بطور کانسٹیبل خدمات انجام دے رہے ہیں، نے ورلڈ پولیس گیمز میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے عالمی سطح پر نہ صرف پاکستان کا نام روشن کیا بلکہ اسلام آباد پولیس کے لیے بھی ایک تاریخی لمحہ رقم کیا۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو اپنے بہادر اور باصلاحیت جوان پر فخر ہے۔ علی نواز نے عالمی سطح پر ہماری نمائندگی کر کے پوری فورس کے سر فخر سے بلند کر دیے۔ آئی جی نے مزید اعلان کیا کہ علی نواز کو مستقبل میں بھی بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے لیے پوری سرکاری معاونت فراہم کی جائے گی۔ علی نواز کی یہ کامیابی نہ صرف پولیس فورس کے لیے باعثِ افتخار ہے بلکہ ملکی سطح پر نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک روشن مثال بھی ہے۔ ان کی محنت، نظم و ضبط اور وطن سے محبت نے انہیں وہ مقام دلایا جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔