Live Updates

شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے 282 ویں عرس کی تیاریوں کا جائزہ اجلاس،سکیورٹی،صفائی ستھرائی ،انتظامات اور طبی سہولیات کی ہدایات

پیر 14 جولائی 2025 23:18

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) سندھ کے عظیم صوفی شاعر حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے 282 ویں سالانہ تین روزہ عرس مبارک کی تیاریوں کے سلسلے میں اجلاس صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز سید ذوالفقار علی شاہ کی زیر صدارت بھٹ شاہ ریسٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ثقافت و سیاحت خیر محمد کلوڑ، ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق دھاریجو، ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ، ایس ایس پی اعجاز میمن اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کا 282 واں سالانہ عرس 14، 15 اور 16 صفر 1447ھ کو شایانِ شان انداز میں منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مون سون کے پیش نظر بارش کے پانی کے نکاس کے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ زائرین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ نیشنل ہائی وے سے درگاہ شریف تک سڑک کی مرمت، ہیلی پیڈ کی تیاری، سڑک کے دونوں جانب شجرکاری اور لائٹنگ کے تمام انتظامات عرس سے قبل مکمل کر لیے جائیں۔

صفائی ستھرائی کے مؤثر اقدامات پر بھی زور دیا گیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ عرس کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور کسی بھی ممکنہ فنی خرابی کے لیے اسٹینڈ بائی جنریٹرز دستیاب رکھے جائیں۔غیرقانونی تجاوزات کے خاتمےکی بھی سخت ہدایت دی گئی۔ ڈی آئی جی پولیس طارق دھاریجو نے اجلاس کو بتایا کہ عرس کی تقریبات کی جدید کنٹرول روم سے مانیٹرنگ کی جائے گی، واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمرے اور سکیورٹی فورسز کی تعیناتی کا مکمل پلان تیار ہے۔

ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے عرس کے دوران سکیورٹی، پارکنگ، طبی سہولیات، ٹھنڈے پانی کی سبیلیں اور دیگر انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بعدازاں صوبائی وزیر نے درگاہ پر حاضری دی، چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور شاہ جو راگ سنا۔ انہوں نے پیر آف بھٹ شاہ سید گدا حسین شاہ سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت بھی کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے بتایا کہ ملک بھر سے اسکالرز، دانشور، گھوڑا دوڑ اور ملاکھڑا کے شوقین افراد کو تقریبات میں شرکت کی دعوت دی جائے گی، جبکہ پارکنگ سے درگاہ شریف تک شٹل سروس بھی فراہم کی جائے گی۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات