صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کا ملتان میٹرو بس ٹریفک حادثہ کا نوٹس،رپورٹ طلب

پیر 14 جولائی 2025 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے ملتان میں میٹرو بس ٹریفک حاد ثہ کا فوری ایکشن لیتے ہوئے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کر کے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔صوبائی وزیر نے غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کی بھی ہدایت کی ہے۔فیڈر بس حادثہ کے زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کی ہر طرح سے دیکھ بھال کرنے کیلئے تمام اقدامات اٹھانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کا کہنا تھا کہ ملتان میں پیش آنیوالے واقعہ پر بہت دکھ ہے اور اس حادثہ کی انکوائری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ ڈرائیور کی غفلت پائے جانے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی جبکہ حاد ثہ کے فوری بعد ہی ڈرائیور کو گرفتار کر کے باقاعدہ انکوائری بھی شروع کی جا چکی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے فیڈر بسوں سمیت تمام میٹروز بسوں کے ڈرائیورز کی بھی دوبارہ جانچ کرائیں گے کیونکہ ہمارا مقصد عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنا ہے،اس لیے ایسے حادثات کی کوئی گنجائش نہیں۔

صوبائی وزیر نے بارشوں کے دوران بھی ٹریفک حادثات سے بچنے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی جبکہ میٹروز ٹریکز کو ہر صورت بحال رکھنے اور ٹریک پر لگائے گئے جنگلوں کو توڑ پھوڑ سے بچانے کیلئے فوری سیکورٹی بڑھانے اور کیمروں کی تنصیب کا حکم بھی دیا ہے۔