مصر میں پاکستانی سفیر عامر شوکت کی ڈبلیو ایچ او کی علاقائی ڈائریکٹر سے ملاقات،صحت کے شعبہ میں تعاون کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال

پیر 14 جولائی 2025 20:10

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) مصر میں پاکستان کے سفیر عامر شوکت نے پیر کو ڈبلیو ایچ او کی علاقائی ڈائریکٹر ڈاکٹر حنان بلخی سے قاہرہ میں ملاقات کی اور صحت کے شعبہ میں تعاون کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ مصر میں پاکستانی سفارت خانے کی ایکس پر پوسٹ میں کہا گیا کہ اس ملاقات میں پاکستان میں ڈبلیو ایچ او اقدامات اور علاقائی تعاون کے ذریعے اسے مزید بہتر بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ڈبلیو ایچ او کی علاقائی ڈائریکٹر ڈاکٹر حنان بلخی نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ پاکستانی سفیر سے ملاقات میں صحت کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے، پاکستانی سفیر عامر شوکت کے ساتھ ملاقات خوشگوار رہی، ہم پاکستان کی حکومت کے ساتھ مضبوط شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جس میں صحت کے نظام کو مستحکم کرنے، یکساں طبی سہولیات تک رسائی، تیاری اور ردعمل کو بہتر بنانا اور پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کے مشترکہ اہداف شامل ہیں۔ ہم آپ کی آج کی آمد کے لیے شکر گزار ہیں اور صحت کے شعبے میں باہمی تعاون کو مستقبل میں بھی جاری رکھنے کے لیے پرامید ہیں۔