ضلع مری میں نئے تعینات ہونے والے سی ٹی او مری وسیم اختر نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا

پیر 14 جولائی 2025 20:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) ضلع مری میں نئے تعینات ہونے والے چیف ٹریفک آفیسر وسیم اختر نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ۔چیف ٹریفک آفیسر وسیم اختر نے ڈی ایس پی ٹریفک مری غازی سہیل شہزاد اور ڈی ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹر عظمت حیات سے ملاقات کی ۔ سی ٹی او مری نے مری شہر کی تمام شاہراہوں کا جائزہ لیااور ٹریفک وارڈنز افسران کی سرپرائز چیکنگ کی اس پر پوائنٹس پر ٹریفک وارڈنز کو بہترین ڈیوٹی کرنے پر شاباش دی۔

ٹریفک ہیڈکوارٹر سنی بنک میں مری میں تعینات تمام ٹریفک سٹاف کو بریفنگ دی ۔چیف ٹریفک آفیسر مری وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ٹریفک وارڈنز اور اہلکاران شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں بالخصوص خواتین اور بزرگ شہریوں کا خاص خیال رکھا جائے اور عوام الناس کی خدمات میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس ایک ڈسپلن فورس ہے اور اپنے دائرہ کار میں رہ کر قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے۔

سی ٹی او مری نے عوام الناس سے بھی اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل پیرا ہو کر اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں اور مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں ۔ آخر میں سی ٹی او مری نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہم بہت جلد مری کو حادثات سے پاک بنا دیں گے اور سٹی ٹریفک پولیس مری کو پنجاب کی بہترین فورس ثابت کریں گے اور آنے والا ہفتہ حادثات سے بچاو کی آگاہی کے ہفتے کے طور پر منایا جائےگا ، مری شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔