بلاول بھٹوملک کے نوجوانوں کی امید ،وزیر اعظم دیکھنا چاہتے ہیں‘ سردار سلیم حیدر خان

طلبہ کے وفد کی گورنر سے ملاقات ،تعلیمی اداروں کو آئوٹ سورس کرنے ،بلھے شاہ یونیورسٹی کو قصور سے باہر منتقل کرنے پرتحفظات کا اظہار

منگل 15 جولائی 2025 04:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خا ن نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کا مستقبل ہے انہیں تعلیمی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں بھی اعلی تعلیم کی سہولیات ملنی چاہئیں۔ یہ بات انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں ایس ایف کے انفارمیشن سیکرٹری سبط حسن کی قیادت میں طلبا کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

ممبر پنجاب ایگزیکٹو احسن رضوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹوملک کے نوجوانوں کی امید ہیں اور اسے وزیر اعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے طلبا کو یوم آزادی کے حوالے سے بھر پور تیاریاں کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر طلبا کے وفد نے گورنر پنجاب کو ضلع شیخوپورہ میں یونیورسٹی کے قیام سمیت مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ طلبا نے کہا کہ گورنر پنجاب نے گورنر ہاوس کو حقیقی معنوں میں عوام کے لیے کھولا ہے۔ طلبانے تعلیمی اداروں کو آئوٹ سورس کرنے اور بلھے شاہ یونیورسٹی کو ضلع قصور سے باہر منتقل کرنے پربھی تحفظات سے آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے طلباکو درپیش مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔