سنیپ بیک میکانزم دوبارہ فعال کرنے پر جواب دیں گے، ایران کی دھمکی

سنیپ بیک میکانزم کو استعمال کرنے کی دھمکی صرف ایک سیاسی قدم ہے ،وزارات خارجہ

منگل 15 جولائی 2025 14:57

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)"سنیپ بیک" میکانزم 2015 میں تہران کے ساتھ طے پانے والے جوہری معاہدے میں شامل تھا اور ایران پر دوبارہ بین الاقوامی پابندیاں عائد کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سنیپ بیک میکانزم کو استعمال کرنے کی دھمکی صرف ایک سیاسی قدم ہے جس کا مقصد ایران کے خلاف کشیدگی بڑھانا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ تہران کی طرف سے اس کا مناسب جواب دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایران کی یہ دھمکی جرمنی کے اس اعلان کے جواب میں آئی ہے کہ وہ ایران کے خلافسنیپ بیک میکانزم" کو فعال کرنے کے لیے سلامتی کونسل کی صدارت سے درخواست کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ یورپی فریق مسلسل اس میکانزم کو دبا کے آلے کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور خود ہی جوہری معاہدے میں اپنی اصل اور بنیادی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کرنے والے ہیں اور معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے ہیں، لہذا ان کے لیے اس میکانزم کا سہارا لینے کا کوئی قانونی یا اخلاقی جواز نہیں ہے۔