پاکستان، برطانیہ کے مابین دوطرفہ تجارت میں اضافے کیلئے معاہدہ خوش آئند ہے،امان پراچہ

منگل 15 جولائی 2025 16:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی)کے نائب صدرمحمدامان پراچہ نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین دوطرفہ تجارت میں اضافے اور مشکلات کو دور کرنے کیلئے کئے گئے معاہدے کو دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارت کیلئے خوش آئند قرار دیا ہے۔امان پراچہ نے کہا کہ اس معاہدے پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ان کے برطانوی ہم منصب برطانیہ کیوزیر ڈگلس الیگزینڈر نے دستخط کیے ہیں،یہ دونوں ممالک کے درمیان پہلا اعلیٰ سطحی تجارتی معاہدہ ہے جسے پاکستان نے کابینہ کی منظوری کے بعد طے کیا ہے،۔

امان پراچہ نے کہا کہ برطانیہ کے ساتھ تجارتی تعلقات کو وسعت دینا پاکستان اور اس کی صنعتوں کے لیے ایک قیمتی متبادل منڈی فراہم کر سکتا ہے، جس سے پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی، معیاری صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافہ ممکن ہو سکتا ہے اور پاکستان ،برطانیہ کے مابین یہ معاہدہ دو طرفہ اقتصادی تعاون کو ادارہ جاتی بنیادوں پر استوار کرنے کی جانب بڑا قدم ہے،اس معاہدے کے بعد دونوں ممالک کے تجارتی مواقع تلاش کرنے، رکاوٹیں دور کرنے اور باہمی سرمایہ کاری بڑھانے پرتوجہ مرکوز کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر نے کہا کہ برطانیہ کے ساتھ تجارتی تعلقات کو وسعت دینا پاکستان اور اس کی صنعتوں کے لیے ایک قیمتی متبادل منڈی فراہم کر سکتا ہے، جس سے پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی، معیاری صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافہ ممکن ہو سکتا ہے، برطانیہ میں مقیم پاکستانی نژاد سرمایہ کار بھی اس عمل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

امان پراچہ نے کہا کہ اس وقت ایک اندازے کے مطابق دو طرفہ تجارت کی موجودہ مالیت 4.7 ارب پائونڈہے لیکن مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے سے دونوں ممالک کو باہمی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں، دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے کیلئے ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی ای) یا آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی ای)، کاروباری وفود کا باقاعدہ تبادلہ، ملکوں کے لحاظ سے تجارتی نمائشیں اور مصنوعات کے میلوں کے انعقادکیلئے دوطرفہ سرکاری کوششیں کی جائیں اورمشاورت میں میں ایف پی سی سی آئی کی قیادت کوبھی شامل کیا جائے ۔