Live Updates

سرکاری ہسپتالوں میں مانیٹرنگ کیلئے سی ایم ہیلتھ ویجی لینس سکواڈ قائم

وزیراعلیٰ کی سرکاری ہسپتالوں کی مانیٹرنگ اورچیکنگ رپورٹ پر24 گھنٹے میں ایکشن کی ہدایت

منگل 15 جولائی 2025 20:05

سرکاری ہسپتالوں میں مانیٹرنگ کیلئے سی ایم ہیلتھ ویجی لینس سکواڈ قائم
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مانیٹرنگ کے لئے سی ایم ہیلتھ ویجی لینس سکواڈ قائم کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سرکاری ہسپتالوں کی مانیٹرنگ اور چیکنگ رپورٹ پر 24گھنٹے میں ایکشن کی ہدایت کر دی ہے۔ تین سی ایم ہیلتھ ویجی لینس سکواڈ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر جلد کام شروع کردیں گے۔

سی ایم ہیلتھ ویجی لینس سکواڈ میں ڈاکٹر،فارماسسٹ،بائیو میڈیکل انجینئر، بجٹ اکائونٹ آفیسر، ڈیٹا ایکسپرٹ اور دیگر شامل ہوں گے۔سی ایم ویجی لینس سکواڈ ،ہسپتالوں میں میڈیسن ،ڈیوٹی روسٹر، کلینکل سروسز، بائیومیڈیکل آلات اور دیگر امور چیک کرے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سرویلنس ٹیم کے لئے جامع چیک لسٹ تیار کرنے کی ہدایت کی اور محکمہ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن کے زیرا ہتمام خصوصی ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ قائم کرنے کی منظوری دے دی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ میں ضلع، تحصیل ہسپتالوں اور مراکز صحت کے لئے الگ الگ یونٹ قائم ہونگے۔ ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ میں سرویلنس روم24/7 کام کرے گا۔ اجلاس میںپنجاب کے ہسپتالوں میں گیسٹروانٹیسٹینولوجی (Gastrointestinology) سروسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سروسز ہسپتال میں گیسٹروانٹیسٹینولوجی سنٹر بنایا جائے گا۔ تحصیل اور ڈسٹرکٹ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی وارڈ کی اپ گریڈیشن اور ٹراما سنٹر قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

فیصل مسعودٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں خصوصی ٹراما سنٹر بنایا جائے گا۔ گوجرانوالہ کے ٹیچنگ ہسپتال میں کارڈیالوجی وارڈ قائم ہوگا۔ ملتان کے کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں 4 آپریشن تھیٹرز کو جدید طبی آلات کے ساتھ فنکشنل کیا جائے گا۔ بی ایس این ڈگری حاصل کرنے والے نرسز کو سرکاری ہسپتالوں میں بامعاوضہ انٹرن شپ ملے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہسپتالوں میں فری میڈیسن انائونسمنٹ مسلسل جاری رکھنے کی ہدایت کی اور فری میڈیسن انائونسمنٹ نہ کرنے پر کارروائی کا حکم دیا۔

اجلاس میں پنجاب کے 8ضلعی ہسپتالوں میں کیتھ لیب قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال کیتھ لیب میں پروسیجر شروع کرنے کے لئے دسمبر کی ڈیڈ لائن مقررکی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دوردراز علاقوں میں متعین ڈاکٹرز کی رہائشگاہوں میں فرنیچر وغیرہ بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی دستیابی پر مفصل رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نوا زشریف نے مریضوں کے لئے ویٹنگ روم/ایریا بنانے اور ویٹنگ روم میں بیٹھنے کی سائے دار جگہ، پینے کا ٹھنڈا پانی اور پنکھے وغیرہ لگانے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مریم نواز ہیلتھ کلینک کی ری ویمپنگ اور آئوٹ سورسنگ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سیکرٹری ہیلتھ کو خودتمام سی ای او اور ایم ایس کے دوبارہ انٹرویو کرکے تعیناتی کی ہدایت کی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کی تعداد میں23فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پنجاب میں 70 فیصد مریض علاج کے لئے سرکاری ہسپتالوں کا رخ کرتے ہیں۔ پنجاب کے بیشتر ہسپتالوں میں 98فیصد فری میڈیسن فراہم کی جارہی ہیں۔ کلینک آن ویل اور فیلڈ ہسپتالوں میں ایک کروڑ سے زائد مریض مستفید ہوچکے ہیں۔ پنجاب بھر میں ٹائپ ون مریضوں کو 2541 انسولین، ہیپاٹائٹس کے 7458 اور ٹی بی کے 8107 مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کی جا چکی ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ مری کے مریم نواز ہیلتھ کلینک میں خیبرپختونخوا سے بھی مریض علاج کے لئے آرہے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں زیادہ ترعام آدمی علاج کے لئے آتاہے۔ عام آدمی کے لئے سرکاری ہسپتال میں ادویات اور تمام سہولتیں فری ہونی چاہیے۔فنڈز ملنے کے باوجود کچھ ہسپتالوں میںمریضوں سے ادویات اور دیگر سامان باہر سے منگوانا تکلیف دہ امر ہے۔

سرکاری ہسپتال کی فارمیسی میں ادویات کی موجودگی کے باوجود مریض کومیڈیسن دستیاب نہ ہوں، یہ افسوسناک بات ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس میںسرگودھا میں نوازشریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات