لاہور میں بلا تعطل گیس کی فراہمی کا میگا منصوبہ آخری مراحل میں داخل

منگل 15 جولائی 2025 23:10

لاہور میں بلا تعطل گیس کی فراہمی کا میگا منصوبہ آخری مراحل میں داخل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2025ء)شہر لاہور میں بلا تعطل گیس فراہمی کے لیے جاری نو سالہ میگا پراجیکٹ اب اپنے آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی نے گیس کی فراہمی میں بہتری اور پریشر کے استحکام کے لیے نیٹ ورک کو عملی طور پر دو حصوں میں تقسیم کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق، فیروزپور روڈ کو باؤنڈری بناتے ہوئے ہائی پریشر پائپ لائنز بچھا کر گیس نیٹ ورکنگ کو ایسٹ اور ویسٹ ریجنز میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔

اس اہم تقسیم سے شہریوں کو سال بھر میں بغیر کسی تعطل کے مستقل گیس کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔ایسٹ ریجن میں شامل علاقوں میں ہربنس پورہ، ڈیفنس، کینٹ، شالامار، شاہدرہ، راوی روڈ، شاہ عالم، اندرون لاہور، گڑھی شاہو، باغبانپورہ، مناواں، واہگہ، زمان پارک، جی او آر ون، شادمان، شاہ جمال، یوحنا آباد، نشتر ٹاؤن اور گلبرگ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ ویسٹ ریجن میں فیصل ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، ٹاؤن شپ، گرین ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ، موہلنوال، سندر، رائیونڈ، ماڈل ٹاؤن، منصورہ، اقبال ٹاؤن، سمن آباد، گلشن راوی، سبزہ زار، چوبرجی، اسلامیہ پارک، اچھرہ اور دیگر علاقے شامل کیے گئے ہیں۔

سوئی ناردرن حکام کے مطابق یہ منصوبہ لاہور میں گیس کے پریشر اور فراہمی کے دیرینہ مسائل کا مستقل حل فراہم کرے گا اور سردیوں میں گیس کی کمی سے متاثرہ علاقوں میں بہتری لانے کا ذریعہ بنے گا۔