آج رات سے پٹرول کتنا مہنگا ہو گا؟

اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق اپنی ورکنگ مکمل کر لی

muhammad ali محمد علی منگل 15 جولائی 2025 20:47

آج رات سے پٹرول کتنا مہنگا ہو گا؟
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جولائی2025ء) آج رات سے پٹرول کتنا مہنگا ہو گا؟ اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق اپنی ورکنگ مکمل کر لی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے رواں ماہ کے دوران دوسری مرتبہ عوام پر پٹرول بم گرانے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں آئندہ 15 روز کیلئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ساڑھے 6 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔

رپورٹس کے مطابق مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل 3 روپے 74 پیسے سستا کرنے کی تجویز ہے۔ اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی ورکنگ مکمل کرلی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی بیشی کا اعلان کیا جائے گا، پٹرول 6 روپے 60 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل 5 روپے 27 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمتوں میں 3 روپے 74 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے، لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں 2 روپے 23 پیسے فی لیٹر تک کمی کی تجویز ہے۔ آئل انڈسٹری نے مصنوعات سے متعلق ورکنگ اوگرا کو بجھوا دی تھی جس کے بعد اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات سے متعلق ورکنگ منگل کے روز حکومت کو بھجوائی گئی۔ دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے جولائی کے لیے آر ایل این جی کی قیمتوں میں کمی کر دی۔

اوگرا کی جانب سے آر ایل این جی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن کے لیے 1.72 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کی گئی، جس کے بعد آر ایل این جی کی نئی قیمت 11.57 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کر دی گئی۔ سوئی سدرن کے لیے آر ایل این جی کی قیمت میں 2.68 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کم کی گئی، جس کے بعد آر ایل این جی کی نئی قیمت 10.57 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کر دی گئی۔