پیکا ایکٹ کی طرح فیڈرل کانسٹیبلری کا آرڈیننس بھی غیرآئینی اور وفاق کا اپنی حدود سے تجاوز ہے

وفاقی حکومت نے آرڈیننس کے ذریعے فرنٹیئر کانسٹیبلری کو فیڈرل کانسٹیبلری میں تبدیل کرکے ذوالفقار علی بھٹو دور کی بدنامِ زمانہ فیڈرل سکیورٹی فورس طرز کی فورس مسلط کردی ہے، نائب امیر جماعت اسلامی کا ردعمل

muhammad ali محمد علی منگل 15 جولائی 2025 23:34

پیکا ایکٹ کی طرح فیڈرل کانسٹیبلری کا آرڈیننس بھی غیرآئینی اور وفاق ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جولائی2025ء) نائب امیر جماعت اسلامی کے مطابق پیکا ایکٹ کی طرح فیڈرل کانسٹیبلری کا آرڈیننس بھی غیرآئینی اور وفاق کا اپنی حدود سے تجاوز ہے، وفاقی حکومت نے آرڈیننس کے ذریعے فرنٹیئر کانسٹیبلری کو فیڈرل کانسٹیبلری میں تبدیل کرکے ذوالفقار علی بھٹو دور کی بدنامِ زمانہ فیڈرل سکیورٹی فورس طرز کی فورس مسلط کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے منصورہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاست اور ریاست کے نظام کو بحرانوں سے بچانے کے لیے عوامی سطح پر بڑی تحریک اور عوامی منظر جدوجہد کی ضرورت ہے۔ جماعتِ اسلامی کی ہر سطح کی تنظیم ممبرسازی کے بعد وسیع پیمانے پر عوامی کمیٹیاں قائم کریں، دعوتِ دین اور عوامی مسائل کے حل کے لیے گراس رُوٹ لیول سے ملک گیر منظم آواز بلند کی جائے۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان اسلامی نظریاتی ملک ہے، قرآن و سنت کا نظام اور آئینِ پاکستان کا مکمل نفاذ ہی قومی وحدت، یکجہتی اور اتحاد کو برقرار رکھ سکتا ہے۔ یہ قومی المیہ ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی، پنجاب میں مسلم لیگ ن، کے پی کے میں تحریکِ انصاف کی حکومتیں صرف اپنی نااہلی اور خراب کارکردگی کو چھپانے کے لئے تعصبات، نفرتوں اور ایک دوسرے پر الزام تراشیوں اور اشتہار بازی، فرمائشی موویز کے ذریعے عوام کو لڑانے اور بیوقوف بنانے کا کاروبار کررہی ہیں۔

بلوچستان کے وزیراعلیٰ قومی مؤقف کا اظہار کرتے ہیں لیکن اُن کی سیاسی کمزور، متنازع پوزیشن نقارخانہ میں طوطی کی آواز ہے۔ پاکستان کے عوام اور نوجوان باشعور ہیں، عوام قومی جذبہ، قومی سلامتی کی حفاظت اور اپنے مستقبل کے تحفظ کے لیے تعصبات، نفرتوں کے ہر کاروبار کو ناکام بنادیں گے۔ لیاقت بلوچ نے مطالبہ کہ امسال حج کے لیے حکومت، ٹورآپریٹرز کی ناکامی اور سعودی قوانین کے نفاذ کی وجہ سے جو 67 ہزار عازمینِ حج محروم رہ گئے تھے، اُنہیں آئندہ سال حج کی سعادت کے حصول کے لیے ترجیح دی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت عوام کو سیاسی، معاشی، سماجی، انسانی حقوق کے حوالے سے ریلیف دینے کی بجائے عوام کو ناجائز بنیادوں پر گرفت میں رکھنے کے لیے سکیورٹی فورسز کے اختیارات بڑھا رہی ہیں۔ وفاقی حکومت نے آرڈیننس کے ذریعے فرنٹیئر کانسٹیبلری کو فیڈرل کانسٹیبلری میں تبدیل کرکے ذوالفقار علی بھٹو دور کی بدنامِ زمانہ فیڈرل سکیورٹی فورس طرز کی فورس مسلط کردی ہے۔ پیکا ایکٹ کی طرح فیڈرل کانسٹیبلری کا آرڈیننس بھی غیرآئینی اور وفاق کا اپنی حدود سے تجاوز ہے۔