یورپی یونین طاقت اور خود اعتمادی کے ساتھ نئے امریکی ٹیرف کا جواب دے، آسٹریا

اگر ہم آزادانہ تجارتی معاہدوں پر عمل درآمد کرتے ہیں جو اس وقت زیر بحث ہیں، تو ہم 75 فیصد امریکی اقدامات کی تلافی کر سکتے ہیں، وفاقی وزیر برائے اقتصادیات

منگل 15 جولائی 2025 23:32

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)آسٹریا نے ایک متحد اور مضبوط یورپی تجارتی پالیسی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے یورپی یونین پر زور دیا ہے کہ وہ طاقت اور خود اعتمادی کے ساتھ نئے امریکی محصولات کا جواب دے۔ متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی کے مطابق یہ بات آسٹریا کے وفاقی وزیر برائے اقتصادیات، توانائی و سیاحت وولف گینگ ہیٹ مینزڈوفر نے 30 فیصد ٹیرف کے نفاذ سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات کے جواب میں انسدادی اقدامات کے نفاذ اور اضافی اقدامات کے لیے تیاریوں پر زور دیتے ہوئے کہی۔

انہوں نے برسلز میں یورپی یونین کے وزرائے تجارت کے اجلاس کے دوران یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ مضبوطی اور اعتماد کے ساتھ اقدامات کرے،یورپی یونین کو طاقت اور خود اعتمادی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ممکنہ امریکی تجارتی پابندیوں کا سامنا کرنے والے ممالک کے ساتھ عالمی شراکت داری قائم کرنے میں یورپی کمیشن کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تجارتی تعلقات کو متنوع بنانا اور آزاد تجارتی معاہدوں کا نفاذ آسٹریا کے لیے بہت ضروری ہے۔ اگر ہم آزادانہ تجارتی معاہدوں پر عمل درآمد کرتے ہیں جو اس وقت زیر بحث ہیں، تو ہم 75 فیصد امریکی اقدامات کی تلافی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ واضح بات چیت کا وقت آ گیا ہے۔