حالیہ مون سون بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے ،ناصر کمال

منگل 15 جولائی 2025 21:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر کینٹ بورڈ راولپنڈی ناصر کمال نے کہا ہے کہ حالیہ مون سون بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے تاکہ شہری علاقوں میں نکاسی آب کا نظام متاثر نہ ہو۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ کینٹ بورڈ کی حدود میں واقع تمام بڑے اور چھوٹے نالوں کی صفائی کی جا چکی ہے جن میں 29 اہم نالے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ نالے ایسے ہیں جہاں بارشوں کے دوران پانی کی آمد زیادہ ہو جاتی ہے لہٰذا ان نالوں کی صفائی روزانہ کی بنیاد پر کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ رکاوٹ یا پانی کے جمع ہونے کی صورتحال سے بچا جا سکے۔ ڈپٹی سی ای او ناصر کمال نے کہا کہ کینٹ بورڈ کا عملہ مکمل طور پر متحرک اور چوکس ہے۔

(جاری ہے)

صفائی، نکاسی آب اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ نالوں میں کوڑا کرکٹ پھینکنے سے گریز کریں اور کینٹ بورڈ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے صفائی کے عمل کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ناصر کمال نے یہ بھی واضح کیا کہ کینٹ بورڈ راولپنڈی شہریوں کی سہولت اور تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے اور مون سون سیزن کے دوران کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے بھرپور تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :