ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی کا ماڈل ایگری ما کا دورہ

منگل 15 جولائی 2025 23:50

بھاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے ماڈل ایگری مال کے منصوبے کو جنوبی پنجاب میں زرعی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید زرعی مارکیٹنگ، مشینری، تربیت اور معلومات کی فراہمی کے لحاظ سے یہ ایگری مال ایک مثالی منصوبہ ہے جو خطے کی زرعی معیشت کو نئی جہت دے گا۔

یہ بات انہوں نے زیرِ تعمیر ماڈل ایگری کلچر مال بہاولپور کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو جنوبی پنجاب آفتاب پیر زادہ اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ یہ ایگری مال نہ صرف کسانوں کو اپنی پیداوار کی مؤثر مارکیٹنگ میں مدد دے گا بلکہ ان کے علم اور مہارت میں بھی اضافہ کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ منصوبہ کسانوں کو جدید زرعی نظام سے جوڑ کر ان کی آمدنی بڑھائے گا اور زرعی شعبے کو خود کفالت کی راہ پر گامزن کرے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کو جلد از جلد آپریشنل کیا جائے۔سپیشل سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو آفتاب پیر زادہ نے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 30 کنال رقبے پر مشتمل اس ایگری مال کی تعمیر پر 284.189 ملین روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، اور منصوبے کا 74 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔

ماڈل ایگری مال میں کسانوں کی سہولت کے لیے زرعی اجناس کی فروخت کے لیے ماڈل دکانیں، اسٹوریج، جدید مشینری کی نمائش اور تربیتی سیشنز کا اہتمام کیا جائے گا۔ مستقبل میں ایک ہیلپ ڈیسک بھی قائم کی جائے گی تاکہ کسانوں کو حکومتی اسکیمز، سبسڈی، قرضہ جات اور دیگر سہولیات سے متعلق رہنمائی فراہم کی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :