خفیہ پروگرام کے تحت ہزاروں افغان باشندوں کو برطانیہ میں آباد کئے جانے کا انکشاف

بدھ 16 جولائی 2025 08:30

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) برطانیہ کی حکومت نے انکشاف کیا ہے کہ ہزاروں افغان باشندوں جن میں برطانوی فوجیوں کے ساتھ کام کرنے والے افراد بھی شامل تھے کو خفیہ طور پر برطانیہ میں آباد کیا گیا ہے۔امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق ان افغان باشندوں کو اُن کی شناخت کا ڈیٹا لیک ہونے کے بعد اِن خدشات کی بنا پر برطانیہ میں آباد کیا گیا کہ طالبان انہیں اپنا ہدف بنا سکتے ہیں۔

اب برطانیہ کی موجودہ حکومت نے سابق حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے اس خفیہ منصوبے کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر دفاع جان ہیلی کا کہنا ہے کہ طالبان کی جانب سے کابل کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد 19 ہزار افغانوں نے برطانیہ آنے کے لیے درخواست دی تھی۔ان کے مطابق 2022 میں ان افراد کا ڈیٹا غلطی سے جاری ہو گیا تھا اور بعدازاں یہ معلومات آن لائن شائع بھی ہو گئیں۔

(جاری ہے)

اس ڈیٹا کے افشا ہونے کے بعد اُس وقت کی کنزرویٹیو حکومت نے ایک خفیہ پروگرام کے ذریعے افغان باشندوں کی ملک میں آبادکاری کا فیصلہ کیا تھا۔حکومت نے عدالت سے ایک حکم نامہ بھی حاصل کیا تھا جسے اعلٰی حکمِ امتناعی کہا جاتا ہے جس کے تحت اِن میں سے ہر ایک شخص کو اپنی موجودگی ظاہر نہ کرنے کا پابند بنایا گیا۔منگل کو برطانیہ کی موجودہ لیبر حکومت کی جانب سے اس پروگرام کوعوام کے سامنے لانے کے فیصلے کے بعد اس حکم امتناعی کو ہٹا لیا گیا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آزادانہ جائزے کے بعد اس بات کے بہت کم شواہد ملے ہیں کہ ڈیٹا لیک ہونے کے بعد طالبان ان افغانوں کے خلاف انتقامی کارروائی کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ امریکا میں 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد برطانوی افواج کو طالبان اور القاعدہ کے خلاف لڑنے کے لیے افغانستان بھیجا گیا تھا۔افغانستان میں جب اتحادی افواج کا آپریشن عروج پر تھا اس وقت برطانیہ کے 10 ہزار فوجی وہاں موجود تھے، زیادہ تر فوجی جنوب میں ہِلمند کے صوبے میں تعینات تھے۔واضح رہے کہ برطانوی حکومت نے افغانستان میں اپنا فوجی آپریشن 2014 میں ختم کر دیا تھا۔