غزہ میں کوئی جگہ بھی محفوظ نہیں رہنے دی گئی، یونیسیف ترجمان

ہر روز فلسطینیوں کی بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہو رہی ہیں،عرب ٹی وی سے گفتگو

بدھ 16 جولائی 2025 11:00

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)غزہ میں کوئی فلسطینی محفوظ ہے نہ کوئی جگہ محفوظ رہی ہے۔ یہ بات اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے ترجمان روزالیا بولین نے روزایک انٹرویو میں کہی ۔یونیسیف کے ترجمان نے کہا کہ غزہ میں کوئی بھی جگہ اسرائیلی بمباری اور جنگی کارروائیوں کی وجہ سے محفوظ نہیں رہی ہے۔ترجمان نے اپنے انٹرویو کو فلسطینی بچوں کے لیے ایک قبرستان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر روز فلسطینیوں کی بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہو رہی ہیں۔

ان ہلاکتوں کی تعداد میں کوئی کمی ہو رہی ہے نہ ہی کوئی ناغہ دیکھنے میں آتا ہے۔یونیسیف ترجمان نے کہاکہ میں اور میرے ساتھی غزہ میں موجود ہیں اور اس کی زمین پر جو کچھ ہو رہا ہے اپنے سامنے دیکھ رہے ہیں۔ ہم نے اب تک ہونے والی جنگ کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔

(جاری ہے)

اس لیے فلسطینیوں کی ہلاکتوں کے اعداد و شمار میں کوئی شک نہیں ہے، یہ بالکل درست ہیں۔

انہوں نے غزہ میں بمباری اور گھروں کی مسماری کے دوران زخمی ہونے والے ہزاروں بچوں کے بارے میں کہا ان بچوں کے یہ زخم بڑے اور گہرے ہی نہیں ان بچوں کی زندگیوں اور زندہ رہنے کے پورے طریقے کو ہی بدل دینے کا باعث بن جاتے ہیں۔ایک فلسطینی لڑکے کے ہاتھوں کے کاٹے جانے کے خطرے کے حوالے سے کہا یہ خطرہ اس لیے ہے کہ اس کے زخموں کا علاج ہونے کی غزہ میں کوئی صورت باقی نہیں رہنے دی گئی۔

لیکن ان کے بقول غزہ میں یہ اب کوئی انوکھی بات نہیں رہی ہے۔ ایسے واقعات آئے روز دیکھنے کو ملتے ہیں۔انہوں نے کہا وہ خود ایسے زخمی درجنوں بچوں سے مل چکی ہیں۔ ان کے انٹرویو کر چکی ہیں۔ یہ بمباری سے زخمی ہوئے۔ ان کی جان تو بچ گئی۔ مگر ان کو زخمی ہونے کے بعد ہسپتالوں تک رسائی کی سہولت نہ ملی کہ غزہ کی مکمل ناکہ بندی میں ہسپتالوں تک پہنچنے والے راستوں کی بھی ناکہ بندی ہے۔