نو تعینات ڈپٹی کمشنر بٹگرام کا تمام محکموں کے سربراہان کے ساتھ تعارفی اجلاس منعقد

بدھ 16 جولائی 2025 15:14

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) نو تعینات ڈپٹی کمشنر بٹگرام اشتیاق احمد نے تمام محکموں کے سربراہان کے ساتھ تعارفی اجلاس کا انعقاد کیا۔ تعارف کے بعد تمام افسران نے ڈپٹی کمشنر بٹگرام کو اپنے محکموں کے جاری پراجیکٹ اور پراگریس پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ بٹگرام کی ترقی کے لئے ہم سب مل کر چلیں گے، اگر کسی کو کوئی دشواری یا مسئلہ ہو تو ڈپٹی کمشنر آفس سے رابطہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں، عوامی خدمت کو اولین ترجیح دیں، کوشش کریں کہ دفاتر میں عوام کے کام لیٹ نہ ہو، عوام کے ساتھ احسن طریقے سے پیش آئیں تاکہ تمام محکموں کا اعتماد برقرار رہے۔ ڈپٹی کمشنر بٹگرام کا اس موقع پر مزید کہا کہ ہر محکمے اور ٹیم کے رکن سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اپنے فرائض کو پوری لگن، خلوص اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں، دیانتداری، بہتر کارکردگی اور ہمدردی کے ساتھ لوگوں کی خدمت کر کے ہم اعتماد پیدا کر سکتے ہیں، شفافیت کو یقینی بنا سکتے ہیں اور اپنی کمیونٹی کی بہتری کے لیے بامعنی نتائج فراہم کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کے دفتر کا دروازہ عوام کے مفاد اور شکایات کے ازالے کے لیے ہر وقت کھلا رہے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام افسران اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ سرکاری دفاتر کے دروازے بھی شکایات کے ازالے کے لیے کھلے رہیں، مفاد عامہ کی خدمت میں آپ کے مسلسل تعاون، محنت اور عزم کو سراہا جائے گا۔