پی ٹی آئی کی احتجاجی تحریک کا مقصد ملک کو غیر مستحکم کرنا ہے ‘ملک افضل کھوکھر

ہم قائد نواز شریف کی قیادت میں خدمت کے سفر کو اسی طرح جاری رکھیں گے‘رکن قومی اسمبلی

بدھ 16 جولائی 2025 15:35

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی ملک افضل کھوکھر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی احتجاجی تحریک کا مقصد ملک کو غیر مستحکم کرنا ہے جبکہ ہم قائد نواز شریف کی قیادت میں خدمت کے اس سفر کو اسی طرح جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے 90روزہ احتجاجی منصوبے اور 5اگست کے پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو غیر مستحکم کرنا شروع سے ہی پی ٹی آئی کا ایجنڈا رہا ہے، اگر یہ پرامن رہیں تو ٹھیک ہے کیونکہ احتجاج ان کا جمہوری حق ہے لیکن اگر انہوں نے قانون کو ہاتھ میں لیا اور ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی تو پھر قانون اپنا راستہ لے گا۔

ملک افضل کھوکھر نے کہا کہ عوام کے مسائل کو سننا اور انہیں حل کرنا کوئی احسان نہیں بلکہ ہمارا فرض ہے ،ملک کی ترقی کے لئے اقدامات اور عوام کی خدمت مسلم لیگ (ن) کی سیاسی میراث ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی وفاقی اور پنجاب حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے انتہائی کم مدت میں جتنے عملی اقدامات اٹھائے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی ، ہمارا سیاست میں آنے کا مقصد بھی عوام کی خدمت کرنا تھا ، عوامی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے ۔