لندن میں 5اگست کو ہونے والے کشمیر مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے برطانیہ کے شہر لوٹن اور سلوو میں اہم اجلاس منعقد

بدھ 16 جولائی 2025 16:17

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) لندن میں 5اگست کو ہونے والے کشمیر مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے برطانیہ کے شہر لوٹن اور سلوو میں اہم اجلاس منعقد ہوئے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ان اجلاسوں کی میزبانی لوٹن سنٹرل مسجد کے چیئرمین حاجی محمد شفاعت اور سلووکے سابق میئر سردار امجد عباسی نے کی۔ آل پارٹیز الائنس برطانیہ کے صدر فہیم کیانی اوراے پی آئی کے سی سی کے سیکرٹری جنرل انعام الحق نے بھی اجلاسوں سے خطاب کیا۔

یہ اجلاس یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر ہوئے جو ہر سال 13جولائی کوان 22کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے جو 1931میں سرینگر میں ڈوگرہ فوج کے ہاتھوں اذان مکمل کرتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔ فہیم کیانی نے شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کشمیری مزاحمتی بیانیہ میں 5اگست کی اہمیت پر روشنی ڈالی جب بھارتی حکومت نے2019میں یکطرفہ طور پر دفعہ 370اور 35Aکو منسوخ کر دیا تھا۔

ان اقدامات سے کشمیریوں سے ان کی سیاسی شناخت، زمینی حقوق اور قانونی ضمانتیں چھین لی گئیں۔ فہیم کیانی نے بھارت کے اقدامات کو آبادیاتی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے ان کی مذمت کی اور بین الاقوامی برادری پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کوبند کرانے میں کردار اداکرے۔کمیونٹی رہنمائوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوںپر زور دیا کہ وہ متحد ہو کر کشمیر مارچ میں شرکت کریں ۔

انہوں نے اسے بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں ناانصافی، قبضے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف اپنی اجتماعی آواز اٹھانے کا ایک اہم موقع قرار دیا۔ اجلاسوںمیں شرکت کرنے والے نمایاں افراد میںفہیم کیانی، انعام الحق، حاجی محمد شفاعت، سردار امجد عباسی ،طاہر ملک، چوہدری زیارت حسین اور ریاض بٹ شامل ہیں۔رہنمائوں نے تارکین وطن کشمیریوں اورپاکستانیوںسے اپیل کی کہ وہ 5اگست کو لندن میں ہونے والے کشمیر مارچ میں بڑی تعداد میں شرکت کریں اور کشمیری عوام اور حق خود ارادیت کے لئے ان کی جدوجہدکے ساتھ بھرپوریکجہتی کا اظہارکریں۔