Live Updates

عمران خان اور غلام سرور نے پی آئی اے کو قبرستان بنایا، حکومت کارروائی کرے گی، خواجہ آصف

بدھ 16 جولائی 2025 17:00

عمران خان اور غلام سرور نے پی آئی اے کو قبرستان بنایا، حکومت کارروائی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کے غیر ذمہ دارانہ فیصلوں نے قومی ایئرلائن پی آئی اے کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا، جس پر اب حکومت کارروائی کرے گی،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی اکثریت پی آئی اے کے ذریعے سفر کرتی ہے، اس لیے پابندی کے خاتمے سے خاص طور پر برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو سہولت حاصل ہوگی۔

وزیر دفاع نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ غلام سرور خان نے اپنے ہی ادارے پر الزام لگایا، جس کے نتیجے میں پی آئی اے پر بین الاقوامی پابندی عائد کی گئی، ان کے بیان سے قومی وقار کو بھی ٹھیس پہنچی اور یہ اقدام ریاست کے خلاف مجرمانہ عمل کے مترادف تھا۔

(جاری ہے)

خواجہ آصف نے کہا کہ غلام سرور خان نے آج تک اپنے غیر ذمہ دارانہ بیان کی کوئی وضاحت پیش نہیں کی اور پی آئی اے پر لگنے والی پابندی کی ذمہ داری مکمل طور پر پی ٹی آئی پر عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی اکثریت پی آئی اے کے ذریعے سفر کرتی ہے، اس لیے پابندی کے خاتمے سے خاص طور پر برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو سہولت حاصل ہوگی۔خواجہ آصف نے بتایا کہ اب پی آئی اے کو برطانیہ سے پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت مل گئی ہے، جو پاکستان کے شعبہ ہوا بازی کے لیے ایک اہم کامیابی ہے، اس پیش رفت سے نہ صرف قومی ایئرلائن کی بین الاقوامی ساکھ بحال ہوگی بلکہ آئندہ نجکاری کے عمل میں اس کی قدر میں بھی اضافہ ہوگا۔

انہوںنے کہاکہ حکومت پی آئی اے کی نجکاری کے اگلے مرحلے پر کام کر رہی ہے اور انٹرنیشنل روٹس کی بحالی کے بعد اس عمل کو مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے عالمی ریگولیٹرز کا شکریہ ادا کیا جن کی رہنمائی سے یہ سنگ میل عبور کیا گیا اور کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اس عمل میں ذاتی دلچسپی لی۔وزیر دفاع نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ نیویارک کے لیے پی آئی اے کی پروازیں بھی بحال کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی ایئرلائن پر پابندی کیوں لگی، اس کا تعین اور اس پر کارروائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان بیرونِ ملک پروازوں کے لیے آپریٹنگ لائسنس حاصل کرنے کی درخواست دے گا تاکہ بین الاقوامی سطح پر اپنی فضائی خدمات بحال کی جا سکیں۔انہوںنے کہاکہ پی آئی اے کی بحالی اور ترقی میں کئی افراد اور اداروں کی محنت شامل ہے اور آج کا دن پوری قوم کے لیے ایک یادگار دن ہے، وہ پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہیں کیونکہ ہم ایک قومی ادارے کو دوبارہ بلندی کی طرف لے جا رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات